’آئی ایم ایف معاہدہ : ڈالر کی قدر میں کمی سمگلنگ بڑھ جائیگی: پاکستان ٹیکس فورم
لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان ٹیکس فورم کے چیئرمین ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ حکومتی اداروں کو ڈالر کی سمگلنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ افغانستان کے پاس برآمد کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔ اس لیے اس کے درآمد کنندگان مضبوط کرنسی کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ کرنسی کو مضبوط رکھنے سے افغانستان، پاکستان کے مقابلے میں عالمی مارکیٹ سے بہت سستی قیمت پر مصنوعات خریدتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے جیسے ہی طے شدہ قرض کی منتقلی کا عمل شروع ہوگا تو روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی ہوگی جس کے بعد ایک بار پھر کابل مارکیٹ پاکستان سے ڈالر سمگل کرنے کیلئے سرگرم ہوجائے گی۔ اس لئے حکومتی اداروں کو پیشگی تیاریاں کرنی چاہئیں۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو بھی ڈالر کی ذخیرہ اندوزی سے ملکی معیشت کو ہونے والے نقصان سے آگاہ کرنا ہوگا۔ حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنے والے ملک بھر میں پھیل چکے ہیں اور ان کے خفیہ مقامات ہیں جس کیلئے انٹیلی جنس کو متحرک کیا جائے اور ڈالر کی غیر قانونی فروخت اور خاص طو رپر اسمگلنگ میں ملوث لوگوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔