• news

چیمبرلیبر ویلفیئر سکولز مسائل کی نشاندہی کرے ،ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جاجائیگا:ڈپٹی کمشنر


 فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) آئی ٹی یونیورسٹی کا قیام فیصل آباد کو سائبر آباد بنانے کی سمت پہلا قدم ثابت ہوگا اور اس سلسلہ میں بہت جلد عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔یہ بات ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے پرانی سبزی منڈی کی خالی جگہ پر آئی ٹی پارک کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف اس شہر کو آئی ٹی کا مرکز بنایا جا سکے گا بلکہ اِس کی برآمدات سے اربوں ڈالر بھی کمائے جا سکیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کارخیر کے کاموں میں فیصل آباد کے مخیر حضرات کے جذبے کو سراہا اور بتایا کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کی مدد سے مختصر عرصہ میں ترکیہ وشام کے زلزلہ زدگان کیلئے 6/7ہزار رضائیاں،گرم کپڑے،راشن اور ڈیڑھ کروڑ روپے کا کیش بھی دے چکے ہیں جبکہ یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔لیبر ویلفیئر سکولوں کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چیمبر اس سلسلہ میں مسائل کی نشاندہی کرے تاکہ اُن کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا سکے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے فیصل آباد چیمبر کا مختصر تعارف پیش کیا اور فیصل آباد کے اہم مسائل کی نشاندہی کی۔ صدر چیمبر نے بتایا کہ انہوں نے یکم اکتوبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سہ نکاتی منشور کا اعلان کیا تھا جس میں پہلا نکتہ یہ تھا کہ مزدور کا بچہ مزدور نہیں ہوگا۔ اس حوالے سے انہوں نے لیبر ویلفیئر سکولوں کی کارکردگی کا ذکر کیا اور کہا کہ بعض ایسے مسائل ہیں جن کو صرف گوررننس کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔ آخر میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ صدر ڈاکٹر خرم طارق نے ڈپٹی کمشنر کو ترکی کے سیلاب زدگان کیلئے 10لاکھ روپے کے چیک کے علاوہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن