• news

 سید وجیہ السیما عرفانیؒ کا عرس اختتام پذیر، اسلام کی سربلندی،ملکی سلامتی کیلئے دعائیں 


لاہور (کلچرل رپورٹر) سجادہ نشین سندر شریف و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر مخدوم سید محمد حبیب عرفانی نے کہا کہ ملک میں خوف کی فضا پیدا کی جا رہی ہے۔ آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، ادارے کمزور کیے جا رہے ہیں۔ سیاسی و معاشی استحکام کیلئے قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے۔ سندر شریف میں سید محمد وجیہ السیما عرفانیؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات ختم، آخری روز ایک مسیح نے ڈاکٹر مخدوم سید محمد حبیب عرفانی کے ہاتھوں اسلام قبول کیا جس کا اسلامی نام محمد بشیر رکھا گیا۔ ڈاکٹر سید محمد حبیب عرفانی نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان ایک نعمت ہے۔ بھارت کو رول ماڈل قرار دینے والے ہوش کے ناخن لیں۔ ناشکری عذاب ہے، گھر کے اندر اور باہر ایک دوسرے کو سلام کریں۔ اللہ سے معافی طلب کرتے رہیں۔ ڈاکٹر سید محمد حبیب عرفانی نے کہا یہ ملک اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو ایک تحفہ کے طور پر دیا ہے۔ ہمیں اس پر اللہ کا شکر گزار ہونا چاہیے۔ آج بڑی اکثریت انڈیا کو رول ماڈل سمجھتی ہے۔ انہیں انڈیا میں رہنے والے مسلمانوں کی حالت زار دیکھنی چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا ظلم و ستم دیکھنا چاہیے۔ یہ لوگ ملک کو گالی بھی دیتے ہیں اور یہاں رہتے بھی ہیں اور اسی ملک کا کھاتے بھی ہیں۔ انہوں نے کہا ارشاد ربانی ہے تم میرا شکر ادا کرو میں تمہیں اور زیادہ دوں گا۔ ناشکری کروگے تو عذاب دوں گا۔خطاب کے بعد روح پرور محفل سماع ہوئی جس کے بعد ڈاکٹر مخدوم سید محمد حبیب عرفانی نے ملک کے استحکام اور ترقی، مقبوضہ کشمیر، فلسطین، روہنگیا کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کروائی۔

ای پیپر-دی نیشن