• news

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام : سہ ماہی رقم 7 سے 9 ہزار کردی گئی جنوری سے لاگو 


اسلام آباد (نیٹ نیوز) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت ملنے والی سہ ماہی رقم حکومت کی جانب سے سات سے بڑھا کر نو ہزار روپے کر دی گئی ہے، بڑھی ہوئی رقم جنوری 2023ء سے لاگو کر دی گئی، مارچ میں یہ رقم بڑھی ہوئی ملے گی۔ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی 90 لاکھ خاندانوں کی مالی معاونت کر رہا ہے، 28 ہزار سالانہ کی مالی امداد سہ ماہی اقساط کی صورت میں دی جاتی ہے، حکومت نے سہ ماہی قسط 7 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ غربت زدہ خان دانوں کو مہنگائی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی کوشش ہے۔ بے نظیر نشوونما پروگرام کے ذریعے مستحق حاملہ خواتین، بچوں کو دودھ پلانے والی ماؤں کو بھی مدد فراہم کی جاتی ہے۔ دو سال کی عمر کے بچوں کو معیاری خوراک کے ساشے مہیا کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ 70 لاکھ مستحق بچوں کو بے نظیر تعلیمی وظائف بھی دئیے جاتے ہیں، تعلیمی وظائف سے سکولوں میں داخلے بڑھے ہیں اور ڈراپ آئوٹ میں کمی آئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن