وی آئی پی کلچر ختم‘ بلاتفریق ٹول ٹیکس لیا جائے: چیئرمین پی اے سی
اسلام آباد (نامہ نگار) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بلاتفریق سب سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کی ہدایت کردی۔ چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف ڈبلیو او کی عدم شرکت پر اظہار ناپسندیدگی کیا۔ پی اے سی کا اجلاس ہوا جس کے ایجنڈے میں وزارت مواصلات سے متعلق سال 22-2021 کے آڈٹ اعتراضات شامل تھے۔ کمیٹی نے ڈی جی ایف ڈبلیو او کی عدم موجودگی پر آڈٹ اعتراضات کا جائزہ موخر کردیا۔ نور عالم خان نے کہا کہ ڈی جی ایف ڈبلیو او نہیں ہیں تو پھر تو مجھے میٹنگ ہی نہیں کرنی چاہئے، زیادہ تر آڈٹ پیراز ان سے متعلق ہیں لیکن جنرل صاحب نہیں آئے۔ کہا کہ کوئی بھی ہو سب سے ٹول ٹیکس چارج کیا جائے۔ اگر کوئی یونیفارم میں آفیشل ڈیوٹی پر جا رہا ہے، اس سے ٹول ٹیکس وصول نہ کریں۔ رکن رمیش کمار نے کہا کہ ہر چیز میں استثنیٰ ختم ہونا چاہیے۔ دوران اجلاس نور عالم خان نے استفسار کیا کہ ٹی وی پر دیکھ رہا تھا، لاہور اسلام آباد موٹروے ایک طرف سے بند کی ہوئی ہے۔ موٹر وے پولیس حکام نے اجلاس میں بتایا کہ موٹروے بند نہیں کی، ڈائیورژن دی تھی، اب کھول دی ہے۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ موٹروے بند نہ کیا کریں، جب بھی کوئی سیاسی لیڈر جاتا ہے تو روڈ بند کیا جاتا ہے، وی وی آئی پی کلچر ختم کریں، کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔