لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، ژالہ باری، آسمانی بجلی سے خاتون جاں بحق q
ملتان+ساہیوال + کمالیہ + گوجرہ + سرگودھا (نامہ نگاران) پنجاب کے متعدد شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے باعث بجلی کے مختلف فیڈر ٹرپ ہوتے رہے اور بارش سے سردی کی لہر ایک بار پھر واپس آ گئی۔ کمالیہ شہر اور گردونواح میں رات سے ہی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی اور بجلی بند ہو گئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ نارووال، پتوکی، شیخوپورہ، حافظ آباد، مریدکے، کندیاں، سانگلہ ہل، کالا شاہ کاکو، فاروق آباد میں بھی بارش ہوئی۔ شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں پہاڑوں پر برفباری کے ساتھ ہلکی بارش، آندھی ،گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ساہیوال میں بازاروں اور منڈیوں میںکیچڑ سے شہریوںکو مشکلات کا سامنا رہا۔ بارش سے نشیبی علاقوںمیںپانی کھڑاہوگیا اور چرچ روڈ ، غلہ منڈی، جھال روڈ پر زیرتعمیر سڑک کے باعث کیچڑ اور پھسلن ہونے سے شہری پھسل کر زخمی ہوتے رہے۔ اس کے علاوہ سبزی وفروٹ منڈیوں اور اندرون سبزی منڈی میںکیچڑ اور بدبو سے خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ سبزی و فرو ٹ منڈیوں میں بدبواور تعفن اٹھ رہاہے سرگودھا اور گردونواح سمیت ریجن بھر کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ جل تھل ہو گیا۔ بارش سے نزلہ زکام، بخار اور گلا میں خراش جیسی بیماریوں کا خاتمہ ہو گا۔ کوٹ ادو کی بستی سمندری نزد کراڑی والہ ریسٹ ہاؤس میں آسمانی بجلی گرنے سے شریف کھوکھر کی اہلیہ جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہو گئے ہیں کوٹ چٹھہ، ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں اور سخی سرور میں گرج چمک کے ساتھ تیز موسلادھار بارش ژالہ باری ، فورٹ منرو میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔ سخی سرور اور کوہ سلیمان میں بارش سے جل تھل ہو گیا ہے۔ کوہ سلیمان سے ندی نالوں میں بھی پانی آنے کا امکان ہے۔ ڈیرہ غازی خان سے ملحقہ علاقے بلوچستان پنجاب باڈر پر واقع بارکھان کی یونین اچڑی کا چھڑ میں آسمانی بجلی گرنے سے 200 سے زائد جانور ہلاک جبکہ آگ نے جھونپڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
بارش، ژالہ باری
بارش