• news

کویت سے برادرانہ تعلقات ہیں‘ حنا کھر: سفارتی تعلقات کی 60 ویں سالگرہ پر تقریب


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان اورکویت کے سفارتی تعلقات کی60 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اورکویت کے درمیان مشترکہ مفاد پر مبنی گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے دل صدیوں سے ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستان اور کویت کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ اہتمام وزارت خارجہ اور کویت کے سفارتخانے نے مشترکہ طور پرکیا تھا۔ تقریب میں وزیرمملکت حنا ربانی کھر کے علاوہ پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جے المطیری، سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان، اسلام آباد میں متعین غیرملکی سفارتکاروں،  وزارت خارجہ کے افسروں، تاجروں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیرمملکت حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان میں گذشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران کویت نے پاکستان کی مدد کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔ وزیر مملکت اور کویت کے سفیرنے اس موقع پر ایک مشترکہ لوگو کی بھی رونمائی کی۔ کویت کے سفیر نے وزیر مملکت حنا ربانی کھر کو ایک شیلڈ بھی پیش کی۔ تقریب میں پاکستان اور کویت کے درمیان سفارتی تعلقات کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
حنا کھر

ای پیپر-دی نیشن