قابض فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری مزید 2نوجوان شہید
سری نگر(کے پی آئی) جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشن میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے ہیں ۔ ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ان نوجوانوں کو شہید کیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس کشمیر(اے ڈی جی پی)وجے کمار نے منگل کو میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مارا جانے والا ایک نوجوان پلوامہ کا رہائشی عاقب مشتاق بٹ ہے۔ اس کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔ انہوں نے دعوی کیا ہے کہ مارا جانے والا ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔ ادھرضلع کے علاقے اونتی پورہ میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔زیر قبضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی ہے۔ بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار سی ٹی سریتھ نے منگل کو ضلع کے علاقے نوشہرہ میں اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ جبکہ سابق وزیر اعلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے پلوامہ میں ایک کشمیری پنڈت کے قتل سمیت کشمیریوں کے قتل کے حالیہ واقعات پر مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ اگر وادی کشمیر سے مسلح مزاحمت ختم ہو گئی ہے تو پھر بھارت نے عسکریت پسندی کے نام پر ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میںکیوں قید کررکھا ہے ؟محبوبہ مفتی نے یہ ردعمل پلوامہ کے دورے کے دوران حال ہی میں قتل ہونے والے ایک بینک کے سیکورٹی گارڈ سنجے شرما کے اہل خانہ سے ملاقات میں ظاہر کیا۔
کشمیر