ملک سے کرپشن کاخاتمہ جماعت اسلامی کامشن ہے: راشد نسیم
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ملک کا کوئی ایسا ادارہ نہیں بچا جس پر قوم اعتماد کرتی ہو، ہر ادارہ تنقید کی زد میں اور اس پر سوالیہ نشان ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان اداروں اور حکمران جماعتوں نے گزشتہ ستر برسوں سے پاکستان کو ٹھیس پہنچائی۔ ستر سالہ تاریخ گواہ ہے کہ یہاں لوٹ مار، بدعنوانی، بددیانتی اور کرپشن ہوتی رہی جس کے نتیجے میں حکمران طبقہ کی جائدادوں اور بنک بیلنس میں اضافہ ہوا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ رضاکارانہ طور پر ایک ایسا نظام ترتیب دیا جائے جس میں سیاست دان، ججز، بیوروکریٹس اور جرنیلوں سمیت کوئی بھی احتساب سے مبرا نہ ہو، ایسا ممکن تب ہو گا جب ملک کے تمام سٹیک ہولڈرز آپس میں مذاکرات کریں۔ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ سیکولر اور لادین لوگ چاہے وہ سول ہوں یا ملٹری کوئی بھی پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکے بلکہ ان لوگوں نے مسائل میں اضافہ کیا۔ کلمہ کی بنیاد پر بننے والے پاکستان میں اللہ کا نظام نافذ کیا جائے تب ہی تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔