مرکزی مسلم لیگ لاہور کے ضلعی تنظیمی عہدیداران کا اعلان کردیا گیا
لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے ضلعی تنظیمی عہدیداران کا اعلان کردیا گیا۔ تنظیمی عہدیداران کا اعلان پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو ایڈووکیٹ نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ لاہور کے ضلعی صدر عادل خلیق کو مقرر کیا گیا ہے، ملک اعجاز احمد سینئر نائب صدر، ناصر محمود گھمن اور ڈاکٹر مقبول احمد نا ئب صدر، انجنئیرحارث ڈار جنرل سیکرٹری، ریاض احمد احسان جوائنٹ سیکریٹری، شیخ صداقت علی فنانس سیکرٹری، محمد رضوان پریس و میڈیا سیکرٹری، عبدالرحمن بدر صدر مسلم یوتھ لیگ، یاسمین سیف صدر مسلم ویمن لیگ اور نائلہ خالد کو نائب صدر مسلم ویمن لیگ لاہور مقرر کیا گیا ہے۔ صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایڈووکیٹ خالد مسعود سندھو نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک کے خواص و عوام کے لیے مہنگائی، بدعنوانی، بدامنی اور بے یقینی کے ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے، ہم عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، اور اس کے لیے میدان میں اتر چکے ہیں۔ جلد لاہور سمیت ملک بھر میں گراس روٹ لیول تک اپنی تنظیم سازی کا عمل مکمل کریں گے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ آئندہ انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام حلقوں سے امیدواران میدان میں اتارے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں سستے تندوروں اور سستے سبزی بازاروں عوامی خدمت کا کام شروع کر دیا ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ لاہور کے نو منتخب صدر انجنئیر عادل خلیق نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ بانی پاکستان اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے ویڑن پر مبنی سیاسی جماعت ہے جو نظریہ پاکستان کے احیاء کے ساتھ ساتھ اس ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائے گی۔
ہم اگلے مرحلے میں لاہور کے صوبائی اسمبلی کے حلقے اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیمی عہدیداران کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا قلعہ ثابت ہوگا۔