• news

الیکشن کمشن اجلاس آج صدر ،گورنر کے پی کو خط لکھنے کا امکان ، انتخابی نشانات کیلئے درخواستیں طلب 


 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار +نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل درآمد کا فیصلہ کرلیا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمشن کا اہم ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ممبران و سیکرٹری الیکشن کمشن نے شرکت کی۔ الیکشن کمشن کے لاء ونگ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب اور خیبر پی کے کے الیکشن کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔ ذرائع الیکشن کمشن کے مطابق الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل درآمد کا فیصلہ کرلیا۔ الیکشن کمشن کل ہی صدر مملکت اور گورنر کے پی کے کو مشاورت کیلئے خط لکھے گا۔ ممکنہ طور پر دونوں صوبوں میں انتخابات کی تاریخ عید الفطر کے بعد ہوگی۔ انتخابی شیڈول 54 دن پر محیط ہوگا۔  اداروں کے عدم تعاون پر آرٹیکل 220 کا سہارا لیا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے دونوں صوبوں میں عام انتخابات کیلئے متعلقہ ونگز کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے انتخابات از خود نوٹس میں پنجاب اور خیبر پی کیمیں 90 روز میں الیکشن کروانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے صدر مملکت کو الیکشن کمشن سے مشاورت کرکے پنجاب جبکہ خیبر پی کے میں گورنر کو الیکشن کمشن سے مشاورت کرکے الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے صدر کا 20 فروری کا حکم پنجاب کی حد تک درست جبکہ خیبر پی کے اسمبلی کے لیے کالعدم قرار دیا۔  الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان الاٹ کرنے کے لئے درخواستیں طلب کر لیں۔ تفصیلا ت کے مطا بق درخواستیں الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 216 کے تحت 8مارچ تک طلب کی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کے ذریعے انتخابی نشان الاٹ کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرائیںدرخواستیں 8 مارچ تک سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھیجی جا سکتی ہیں۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ تاخیر سے بھیجی گئی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا، درخواستوں کے ساتھ بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن