5 ارب کے رمضان پیکج کا اعلان ، گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے من مقرر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گندم کی سال 2022-23ء کی فصل کیلئے 39 سو روپے فی چالیس کلو گرام قیمت خرید مقرر کر دی گئی۔ یو ٹیلٹی سٹورز پر رمضان پیکج کے لیے 19 آئٹمز پر سبسڈی دی جائے گی اور یہ ہدف والے اور غیر ہدف شدہ صارفین دونوں کے لیے ہوگی۔ اس کیلئے 5 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں پاسکو کے درآمدی گندم کی ترسیل کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ ایل سی کلیئر نہ ہونے کی باعث کراچی پورٹ ٹرسٹ پر پھنسے ہوئے کنٹینرز پر سٹوریج چارجز کی معافی کے حوالے سے کیس پر غور کے بعد ای سی سی نے ہر کیس کی بنیاد پر پچاس لاکھ سے جو زائد ڈیمرج چارجز ہوں گے ان کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا اور ہدایت کی کہ اس کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے سرٹیفکیشن لینا ہوگی۔ اجلاس میں کے الیکٹرک کے صار فین کیلئے یونیفارم ٹیرف کے معاملہ پر غور کیا گیا۔ سال 2021-22 کی دوسری سہہ ماہی کے بارے جولائی سے ستمبر تک عرصہ کے لئے ٹیرف کو ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے بڑھانے کی منظوری دیدی۔ یہ وصولی مارچ سے مئی تک کے عرصے کے بلز میں کی جائے گی۔ کے الیکٹرک صارفین سے رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی کیلئے 23 فروری سے 23 مارچ کے درمیان استعمال کی جانی والی بجلی پر بھی ٹیرف کی ایڈجسٹمنٹ ہوگی اور وصولی مارچ اور اپریل کے مہینے میں کی جائے گی۔ ای سی سی نے مالی سال 2024ء پاور پرڈیوسرز کی وفاقی حکومت پر ذمہ درای کو ادا کرنے کے لئے بجلی پر سرچارجز نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔ ان سرچارجز کا نفاذ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں کے لئے ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ وزارت ہاؤسنگ سکیموں کے لئے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ ضلع قصور کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 20 کروڑ 94 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ اسلام آباد میں واٹر کورسز کی ترقی کیلئے وزارت داخلہ کے لیے ایک کروڑ بیس لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ ایف سی کے ہیڈ کوارٹر کی تعمیر کے لیے وزارت داخلہ کے لیے ایک ارب 11 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔