پتنگ بازی پر اظہار برہمی کہیں واقعہ ہوا تو ڈی پی او ذمہ دار ہوگا : محسن نقوی
لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پتنگ بازی پر پابندی کے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے اور ہر شہر میں قانون کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بعض شہروں میں پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں پتنگ بازی روکنے کے لئے دفعہ 144نافذ ہے اور اگر کہیں واقعہ ہوا تو متعلقہ ڈی پی او ذمہ دار ہوگا۔ پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی یقینی بنائے اور پتنگ بازی کی مانیٹرنگ کیلئے ڈرون اور دیگر جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ قصور اور دیگر اضلاع میں متوقع پتنگ بازی کے سدباب کے لئے پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کا اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کیلئے کارروائی کی جائے گی۔ جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے فاطمہ جناح گرلز ہاسٹل بلاک کا افتتاح کر دیا۔ محسن نقوی نے ای لائبریری، ڈائننگ ہال، لائبریری اور لانڈری کا معائنہ کیا۔ گرلز ہاسٹل بلاک میں فراہم کردہ سہولتوں کی تعریف کی اورگرلز ہاسٹل بلاک کے تعمیراتی کام کے معیار کو سراہا۔