سویٹ ہوم میں پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگ پرفارمنس‘ زمرد خان لائق تحسین: حنیف عباسی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کے مشیر محمد حنیف عباسی کی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر نے پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) اور سویٹ ہوم کے بچوں سے ملاقات کی۔ بچوں نے پاکستانی ثقافت کی رنگا رنگ پرفارمینس سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور سماں باندھ دیا۔ تقریب میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈیٹ کالج سوہاوہ کے کیڈٹس نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان (ہلال امتیاز) نے کہاکہ وہ انتہائی مشکور ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر محمد حنیف عباسی جن کا دل پاکستان سویٹ ہوم کے فرشتوں اور پریوں کے ساتھ دھرکتا ہے۔ حنیف عباسی صاحب پاکستان سویٹ ہوم کے محسن ہیں۔ انہیں جب بھی ہم نے پکارا انہوں نے ہمیشہ پاکستان سویٹ ہوم کے مشن کو آگے بڑھانے اور تعمیر و ترقی میں بھرپور تعاون کیا۔ 2009ء میں پاکستان سویٹ ہوم کا آغاز ایک بچے سے ہوا اور آج ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں پاکستان سویٹ ہوم کا حصہ ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے بچے اور بچیاں آج ملک کی نامور یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ یہ ہمارا روشن مستقبل ہیں۔ دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج جو صرف یتیم بچوں کے لیے شہیدوں و غازیوں کی سرزمین گوجر خان میں واقع ہے جہاں 200 سے زائد کیڈٹس زیر تعلیم ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم کے مراکز کراچی، سکھر، سرگودھا، گجر خان، کشمیر، شمالی وزیرستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں پاک فوج کے تعاون سے گولڈن ایرو سویٹ ہوم قائم ہے۔ وہ وقت بھی دور نہیں جب میرے یہ بیٹے اور بیٹیاں دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر بنیں گے۔ ڈاکٹر، انجینئر، اور پروفیسر بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا میں جب بھی پاکستان سویٹ ہوم آتا ہوں بے حد سکون اور اطمینان ملتا۔ پاکستان میں اتنے بڑے پیمانے پر ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت کا عظیم کام جاری ہے۔ زمرد خان خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ بطور وزیراعظم کے مشیر بھی میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ زمرد خان نے وزیراعظم کے مشیر محمد حنیف عباسی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔