آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی احتجاجی ریلی`
لاہور ( نیوز رپورٹر)محکمہ بجلی واپڈا کے کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ محکمہ بجلی کے کارکنوں کی شدید کمی ہونے اور انہیں دن رات دوہرا کام کرنے کی وجہ سے آئے دن المناک حادثات سے محفوظ کرانے کیلئے کارکنوں کی چھ سال سے بھرتی پر پابندی افسران کی طرح جلد ختم کی جائے۔ ضروریات زندگی کی بنیادی اشیاء میں کمرتوڑ مہنگائی ختم کرانے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ محکمہ بجلی کی آئی ایم ایف کے دباؤ پر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور منافع بخش گدو تھرمل پاور ہاؤس کی مجوزہ نجکاری کرنے کی بجائے اس کی کارکردگی میں مزید بہتری کرائیں۔ خورشید احمد جنرل سیکرٹری یونین نے کارکنوں کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کو واضح کیا کہ مہنگی بجلی کی وجہ نجی تھرمل پاور ہاؤسز سے ڈالر کی صورت میں مہنگی بجلی خریدنے اور پچاس ہزار سے زائد بجلی چوروں کے خلایف ایف آئی آر درج کرانے کے باوجود کوئی کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے بجلی مہنگی ہو رہی ہے۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ اس قومی ادارہ کی بہتر کارکردگی کے لئے محکمہ بجلی کے ڈسٹری بیوشن سسٹم کو ماضی کی طرح واپڈا کے تحت کر دیا جائے اور کام پر بجلی چوروں کے خلاف کارکنوں کو تحفظ فراہم کرائیں۔