• news

پنجاب پولیس بے سہارا ،بے گھر بچوں کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے:آئی جی


لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس معاشرتی عدم توجہ کے شکار بے سہارا و بے گھر بچوں کا سہارا بننے کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے بچوں کے حقوق اورتحفظ کیلئے کام کرنیوالے 4 سرکاری و نجی اداروں کے ساتھ ایم او یوز سائن کئے ہیں جن میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، چائلڈ پروٹیکشن بیورو، سرچ فار جسٹس اور کیئر فاؤنڈیشن شامل ہیں۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں پنجاب پولیس کی جانب سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور جبکہ باقی اداروں کے سربراہان اور ایگزیکٹوزنے ایم او یوز پر دستخط کیے۔ جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے پولیس ملازمین کو بیٹی کی شادی کے موقع پر ملنے والی محکمانہ امداد میں اضافہ کردیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے فورس کے نام پیغام میں نئی پالیسی کے تحت ہونے والے اقدامات بارے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت پولیس ملازمین کو تمام بیٹیوں کی شادی کے موقع پر ایک لاکھ روپے بطور تحفہ دئیے جائیں گے۔ اس سے قبل ملازمین کو پہلی بیٹی کی شادی پر زیادہ، دوسری بیٹی کی شادی پر کم جبکہ تیسری بیٹی کی شادی پر اس سے مزید کم رقم دی جاتی تھی تاہم اب ایک سے زیادہ بیٹیوں کے والدکو ہر بیٹی کی شادی پربرابر ایک لاکھ روپے محکمہ پولیس کی جانب سے بطور تحفہ دئیے جائیں گے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے اس تحفے کے جواب میں پولیس ملازمین کو قوم کی بیٹیوں کے تحفظ کا فریضہ بھرپور تندہی اور فرض شناسی سے ادا کرنے کا حکم دیا۔ فورس کے نام جاری پیغام میں آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کو محکمہ کی جانب سے ملنے والے تدفین کے اخراجات کو بھی دوگنا کرنے کا اعلان کیا۔ نئی پالیسی کے تحت دوران سروس انتقال پر پولیس ملازم کے لواحقین کو 50ہزار کی بجائے ایک لاکھ روپے یکمشت ادا کئے جائیں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن