محتسب پنجاب کاصدر لاہور چیمبر کی دعوت پر دورہ،تاجربرادری کے مسائل سے آگاہ کیا
لاہور(خبرنگار) محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی دعوت پر لاہورچیمبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پرباہمی دلچسپی کے امور اور صوبائی حکومت کے محکموں سے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدرایل سی سی آئی کاشف انور نے تاجر برادری کو سرکاری اداروں سے درپیش مسائل کے حوالے سے صوبائی محتسب کو آگاہ کیا۔ محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان نے لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران کو مسائل کے حل کیلئے اپنے تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ دفتر محتسب پنجاب کی تمام خدمات عوام کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔اعظم سلیمان خان نے کہاکہ دفتر محتسب پنجاب میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مستعداستعمال کے ذریعے عوامی شکایات کو بروقت نمٹایا جارہا ہے۔
موبائل ایپ او پی ایم آئی ایس اور سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اندورن و بیرون ملک میں مقیم افراد محتسب آفس میں اپنی شکایت درج کروا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ عوام محتسب آفس کی ہیلپ لائن 1050 اور سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے بھی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔سیکرٹری دفتر محتسب پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی کو لاہور چیمبر کے ساتھ موثر رابطے کیلئے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ۔ اس موقع پرلاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے محتسب پنجاب اعظم سلیمان خان کو شیلڈ پیش کی۔