اکانومی کو ٹھیک کیے بغیر پاکستان مستحکم ، عوام خوشحال نہیں ہو سکتے:سید احمد محمود
لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر، سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں، کسانوں، ہاریوں اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کی نمائندہ ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے ،جس نے ہمیشہ ان حقوق کی بازیابی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا اور انہیں ہرممکن ریلیف فراہم کیا۔ آج ملک کی اکانومی کو ٹھیک کیلئے بغیر پاکستان مستحکم اور عوام خوشحال نہیں ہو سکتے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر کم سے کم تنخواہ 50 ہزار روپے ہونی چاہئیں۔ پٹرول ، بجلی اور گیس کی قیمتیں 6 ماہ قبل ہی بڑھا دی جاتیں تو آج ملک کی معیشت مضبوط ہوتی۔ پاکستان کو بچانے کیلئے سیاستدانوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو ملکی مفاد کیلئے فیصلے کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔پیداواری صلاحیت بڑھانے ایکسپورٹ امپورٹ پر توجہ کے ساتھ ساتھ تمام سیاستدان عوامی توقعات کے برعکس ملک کو بچانے کی کوششیں کریں۔