• news

تبلیغی مرکز رائے ونڈ کا دورہ ، دین پھیلانے والے دونوں جہان کمارہے ہیں : محسن نقوی 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ  محسن نقوی نے عالمی تبلیغی مرکز رائے ونڈ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ  نے  علماء کرام مولانا  احمد لاٹ، مولانا فاروق اور دیگر اکابرین سے ملاقات کی۔ محسن نقوی کو دین اسلام کی تبلیغ کے لئے سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ  نے کہا کہ تبلیغی جماعت دین اسلام کی تبلیغ کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے، علماء کرام کی دین اسلام کیلئے خدمات کو سراہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے دین کو پھیلانے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔ مولانا احمد لاٹ اور مولانا فاروق نے عالم اسلام کے اتحاد، دین اسلام کی سر بلندی، امن اور استحکام کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر عالمی تبلیغی مرکز میں مسجد نبویؐ کے ماڈل پر 10 لاکھ نمازیوں کے لئے مسجد تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ مسجد نبویؐ کے ماڈل پر مسجد کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ بھی نیک کام میں برکت ڈالتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس تجویز پر ابتدائی بات ہوئی ہے اور انشاء  اللہ یہ نیک کام آگے بڑھے گا۔ محسن نقوی نے وحدت کالونی کے ہسپتال میں ڈاکٹر کی مریضہ سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزم کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ملزم کو قرار واقعی سزا دلائی جائے۔ متاثرہ لڑکی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ملزم قانون کے تحت سخت سزا کا حق دار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن