سی ڈی ڈبلیو پی اجلاس ،63.82 ارب روپے کے 11 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے اجلاس میں 63.82 ارب روپے کی مالیت کے گیارہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کی۔ فورم نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس، وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، وزارت مواصلات، وزارت ریلوے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن ایچ ای سی سے متعلق گیارہ منصوبوں پر غور کیا گیا۔ جن منصوبوں کو فورم نے منظور کیا ان میں نے 909.285 ملین روپے کی لاگت سے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور سپورٹ پروجیکٹ کی منظوری دی۔ اس منصوبے میں پاکستان ریلویز کے ایم ایل ون 1 پر سی پیک سرگرمیوں کو اور مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے وزارت ریلوے میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور لاہور میں پروجیکٹ امپلیمینٹیشن یونٹ کا قیام ہو گا۔ فورم نے 1174.9 ملین روپے کی لاگت سے ڈھڈیال بائی پاس ڈسٹرکٹ چکوال کی تعمیر، 6479.8 ملین روپے کی لاگت سے نیشنل پولیس ہسپتال، شیخ زید پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ لاہور میں 1372.800 ملین روپے کی لاگت سے ریڈیولوجی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن، 7142.000 ملین روپے کی لاگت سے پاکستانی یونیورسٹیوں کے لیے فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام اور 2000.000 ملین روپے کی لاگت سے میران شاہ شمالی وزیرستان میں انسٹی ٹیوٹ آف پروگریسو سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کی بھی منظوری دی۔