پنجاب ، کے پی میں انتخابی شیڈول 54 روز رکھنے پر الیکشن کمشن کا اتفاق
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران کیلئے نام دینے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنرز سے بھی مراسلے بھیج کر انتخابی عملے کی فہرست مانگ لی گئی ہے۔ پولنگ کے عملے کی تربیت کے لیے 40 ماسٹر ٹرینرز کی فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔ ماسٹر ٹریننرز کو الیکشن کمشن کے سینئر افسران الیکشن کمشن سیکرٹریٹ میں ٹریننگ دیں گے۔ ماسٹر ٹرینرز ٹریننگ حاصل کر کے ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کو تربیت دیں گے۔ انتخابی افسران کی تربیت تین سے چار روز میں مکمل کر لی جائے گی۔ افسران کی ٹریننگ کے بعد انتخابی عملے کی تربیت کا عمل شروع کیا جائے گا۔ الیکشن کمشن نے خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمشن کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر غور کیا گیا۔ الیکشن کمشن نے خیبرپختونخواہ و پنجاب کے انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں کرانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں دونوں صوبوں کی مجوزہ تاریخوں پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن نے انتخابی شیڈول 54 دن کا رکھنے پر اتفاق کیا۔ انتخابی تاریخوں کی تجویز میں رمضان اور عید کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ انتخابی تاریخوں پر سٹیک ہولڈرز سے حتمی مشاورت ہوگی۔ صدر اور گورنر نے مشاورت کی تو الیکشن کمیشن اس میں شریک ہوگا۔