آئین کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھیں گے : بلاول
لاہور؍ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزلائرز فورم اور پروگریسو لائرز الائنس کے نمائندگان نے گزشتہ روز بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میںہائی کورٹ بار سیکرٹری کے لئے پروگریسو لائرز الائنس کی فاتح امیدوار پی پی پی کی حمایت یافتہ صباحت رضوی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری کو پیپلزلائرز فورم اور پروگریسو لائرز الائنس کے نمائندگان نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میں کامیابی پر مبارک باد دی جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر صباحت رضوی کو لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ بلاول بھٹو زرداری سے صباحت رضوی کے ہمراہ پاکستان بار کونسل کے رکن عابد ساقی اور پنجاب بار کونسل کے رکن راحیل کامران چیمہ نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے انسانی حقوق اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وکلاء برادری کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے ساتھ مل کر آئین پاکستان کے تحفظ اور بقا کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں گلفام سرویا، شاہد عمران اولکھ، عظیم حفیظ، آصف خاں بلوچ، سلمان نذیر چیمہ، حمزہ ریاض چیمہ، ذیشان علی ساہی، قمر خاں، فہیم خاں، حماد صوفی شامل تھے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی بدین کے ڈپٹی اطلاعات سیکرٹری امیر حسن کھوسو سے ان کے بھائی محمد کھوسو کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مرحوم کیلئے جنت الفردوس جبکہ لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔