عمران خان نے ملک میں عدم استحکام پیدا کیا: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چار سال سے پاکستانی معیشت کو اپنے ہاتھوں سے آگ لگانے والا آج تنقید کر رہا ہے۔ 2016ء میں عمرانی منصوبے کا آغاز ملک کے خلاف سازش کی شروعات تھی۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک میں آئینی و سیاسی عدم استحکام پیدا کیا۔ 6.2 فیصد پر ترقی کرتی معیشت کو زوال پذیر کیا۔ 3 فیصد مہنگائی کی شرح اور بے روزگاری میں اضافہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں مالی سال14-2013 سے 18-2017تک پانچ سالوں پر محیط اقتصادی اشاریوں کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے19-2018سے 22-2021 تک چار سالوں کے اقتصادی اشاریوں کا تقابلی جائزہ بھی شیئر کیا۔