الیکشن کمشن نے کہا تو انتخابات کی تاریخ دے دوں گا: گورنر خیبر پی کے
پشاور (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے کہا ہے اگر الیکشن کمیشن نے کہا تو انتخابات کی تاریخ دے دوں گا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، انتخابات میں اتفاق رائے کے لئے ایوان صدر میں بیٹھنے کو تیار ہوں۔ غلام علی نے صدر مملکت کے انتخاب کی تاریخ دینے پر کہا کہ بہتر ہوتا ہم سے مشاورت اور تجاویز لینے کے بعد اتفاق رائے سے الیکشن کی تاریخ دی جاتی۔گونر کے پی نے کہا کہ صدر پاکستان نے تاریخ دی، مجھے الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال کوئی خط نہیں ملا، جب خط آجائے گا تو دیکھیں گے۔ میرا کام تاریخ دینے تک ہے جس کے بعد صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔