• news

’’ مظاہر‘‘ سے کہیں پورا ٹرک آپکے ساتھ کھڑا ہے ، فواد چودھری : آڈیو لیک 


لاہور+اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چودھری کی اپنے بھائی فیصل چودھری ایڈووکیٹ سے گفتگو کی مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق منظر عام پر آنے والی مبینہ آڈیو لیک میں فواد چودھری اپنے بھائی فیصل چودھری سے بات کر رہے ہیں، جس میں ججز اور وکیل سے متعلق بات چیت کی گئی۔ مبینہ آڈیو میں بظاہر فواد چودھری لگنے والا شخص اپنے بھائی (فیصل چودھری) سے کہتے ہیں کہ اچھا! میں نے کہا کہ سی جے (چیف جسٹس) لاہور کہہ رہا ہے کہ میری کوئی جنرل بات کرائیں بندیال کے ساتھ، انہوں نے اپنے بھائی سے مزید کہا کہ دوسرا اپنا، مظاہر کے ساتھ ڈار صاحب کے ذریعے، ان کو ذرا مل لیں، ان سے کہیں کہ آپ کے ساتھ پورا ٹرک کھڑا ہے، آپ بتائیں کیا کریں؟۔ فواد چودھری نے فیصل چودھری ایڈووکیٹ سے کہا کہ میری ذاتی تجویز یہ ہے کہ تارڑ پر تین چار جگہ استغاثہ کرائیں اور اس پر 228 لگوا کر اسے سزا دلوائیں تاکہ ان پر پریشر تو آئے، جس پر فواد چودھری کے بھائی فیصل چودھری نے کہا کہ میں صبح کر لیتا ہوں۔ فواد چودھری نے کہا کہ صبح ان سے پوچھ کر مجھے بتانا، جس پر فیصل چودھری نے کہا کہ ٹھیک ہے۔ مبینہ آڈیو لیک پر سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اور جعلی آڈیو میرے نام سے مارکیٹ میں پھینک دی گئی ہے، اس آڈیو کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک اور جعلی آڈیو میرے نام سے مارکیٹ میں پھینک دی گئی۔ اس آڈیو کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  سے کبھی ملاقات ہوئی نہ ہی انہیں جسٹس مظاہر کی مدد کا کہا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور سینئر ترین جج صاحبان کو دھمکی ناقابل قبول ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑا دن ہے، قانون اور آئین کی فتح ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے عدالتی حکم پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ صدر نے 30 اپریل کو پنجاب میں انتخابات کے احکامات دے دئیے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے گرفتار پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کو آزاد کرنے کا حکم دیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کو جیل میں ادویات نہیں دی گئیں‘ جوانمردی سے جیلوں کا مقابلہ کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ کل سے الیکشن کمپین کا آغاز ہو رہا ہے۔ جلسوں کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔ تحریک انصاف دو تہائی اکثریت سے پنجاب میں حکومت بنائے گئی۔

ای پیپر-دی نیشن