ڈالر کی قیمت 8 روپے گرگئی ، سونا 4900 روپے تولہ سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) ڈالر کے مقابلے میں بد ترین گراوٹ کے بعد پاکستانی روپیہ کی قدر ایک بار پھر بحال ہونے لگی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جمعہ کے روز انٹر بینک میں ڈالر 6.63روپے کمی کے بعد 285.09روپے سے گھٹ کر 278.46روپے کی سطح پر آگیا۔ اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 8روپے کمی سے 288روپے کی سطح سے گر کر 280روپے کی سطح پر آگئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو یورو کی قدر میں 6روپے کی نمایاں کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قیمت فروخت 302روپے سے گھٹ کر 296روپے ہو گئی۔ اسی طرح6.50روپے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 340روپے سے کم ہو کر333.50روپے ہو گئی۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا4900روپے سستا ہو گیا جس کے بعد ایک تولہ سونے کی قیمت2لاکھ 1ہزار 600روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو دس گرام سونے کی قیمت میں 4200روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے دس گرام سونے کی قیمت1لاکھ 72ہزار 840روپے پر آگئی جبکہ عالمی مارکیٹ میں 13ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 1849 ڈالر ہو گیا۔