ہائیکوٹ نے نگران وزیراعلی کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح سے روک دیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اکبر چوک فلائی اوور کا کام تاحکم ثانی روکتے ہوئے 7 مارچ تک عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عدالت نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو ترقیاتی پراجیکٹس کے افتتاح سے بھی روک دیا ہے۔ رمضان المبارک میں بیکریاں رات مزید ایک گھنٹہ کھلا رکھنے کی مہلت دینے کی استدعا مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے چیئرمین پلاننگ کمشن کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب و دیگران کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔ انسداد سموگ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ درخت کاٹنے پر مقدمات درج کئے جائیں اور توہین عدالت کی کارروائی ہوگی۔ عدالت نے فصلوں کی باقیات سے متعلق جدید مشینری کا بجٹ روکنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے جبکہ محکمہ واپڈا کو لاہور میں درخت کاٹنے سے بھی روک دیا ہے۔ ممبران ماحولیاتی کمشن حنا حفیظ اللہ اسحاق اور کمال حیدر نے رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے پہلے منصوبے مکمل کیے بغیر نئے منصوبے ٹریفک کی روانی متاثر کرتے ہیں۔ کیا ایل ڈی اے چاہتی ہے کہ شہری ٹریفک جام میں گاڑیوں میں مرجائیں۔ جب تک جاری منصوبے مکمل نہیں ہوتے یا ماحولیاتی آلودگی سے متعلق عدالت کو مطمئن نہیں کیا جاتا نیا منصوبہ شروع نہ کیا جائے۔ ماحولیاتی کمیشن اور ٹریفک پولیس کے نمائندے نے پی ایس ایل میچوں سے متعلق اقدامات کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کیا۔ فاضل جج نے میچز کیلئے اخراجات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا چیف سیکرٹری سے میٹنگ کرکے بتائیں فنڈز کہاں سے آرہے ہیں۔ یہ بھی بتایا جائے کہ میچز کیلئے فنڈز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کتنا حصہ ہے۔ عدالت نے فصلوں کی باقیات سے متعلق جدید مشینری کی خریداری کیلئے بجٹ روکنے پر ریمارکس دیئے کہ چیف سیکرٹری، چیئرمین پی این ڈی کے رویے سے لگتا ہے کہ اب ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنی پڑے گی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری، چیئرمین پی این ڈی سے آئندہ سماعت پر وضاحت طلب کرلی کہ انہوں نے بجٹ کیوں روکا؟۔ عدالت نے لیسکو کو بھی درخت کاٹنے سے روک دیا ہے۔ درخت کاٹنے والوں کو جیلوں میں ڈالوں گا۔ سموگ لاہوریوں کی زندگیوں کے لیے انتہائی خطرہ ناک ہے۔ ممبر جوڈیشل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ واپڈا اہلکار لائنوں کو سیدھا کرتے وقت درخت کاٹ رہے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کلمہ چوک انڈر پاس کا نگران وزیر اعلیٰ نے افتتاح کیا جو نگراں وزیر اعلیٰ کا اختیار نہیں ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو اتنی جلدی افتتاح کرنے کی کیا تھی، ابھی تو کلمہ چوک انڈر پاس زیر تعمیر ہے۔