مہنگے پٹرول‘ مہنگائی کیخلاف تحریک لبیک پاکستان کے ملک گیر مظاہرے
لاہور‘ چنیوٹ‘ بھوئے آصل‘ شیخوپورہ‘ قصور (نمائندگان نوائے وقت‘ نامہ نگار‘ نمائندہ خصوصی) امیر تحریک لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی کی اپیل پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کروانے کیلئے، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری میں دن بدن اضافے کے خلاف آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر کے تمام ضلعی پریس کلبوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین کی جانب سے مظاہروں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں،مہنگائی اور بے روزگاری میں ہوشربا اضافے اور حکومتی عوام دشمن پالیسی کے خلاف نعرے بازی کی جاتی رہی۔ مظاہرین سے علامہ غلام غوث بغدادی، ڈاکٹر محمد شفیق امینی، علامہ غلام عباس فیضی، مفتی عمیر الازھری، علامہ فاروق الحسن، رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ جبکہ لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ شملہ پہاڑی پریس کلب کے باہر کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت علامہ غلام عباس فیضی،مفتی عابد رضا، حاجی صدیق، قاری جمیل احمد شرقپوری، سید نذیر حسین شاہ سمیت دیگر نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رکن مجلس شوریٰ علامہ فاروق الحسن قادری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم حکومت نے بھی ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ ملک کو درپیش دو بڑے چیلنج مہنگائی اور بے روزگاری ہیں۔پی ڈی ایم حکومت ابھی تک ان دونوں پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ جس کی وجہ سے آج پاکستان کے عوام کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں اور انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ آئے دن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عام آدمی کا معاشی قتل کیا جاتا ہے۔مہنگائی کی شرح میں دن بدن اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔ پی ڈی حکومت نے عوام کو مہنگائی،بے روزگاری،غربت اور لوڈشیڈنگ کے علاوہ ابھی تک کچھ نہیں دیا۔ آج آٹا،چینی،گھی،دالیں اور سبزیوں کی قیمتیں عوام کی دسترس سے دور ہوچکی ہیں۔اس موقع پر علامہ غلام عباس فیضی کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت مہنگائی پر قابو پانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم حکومت بھی تقسیم،نفرت کی سیاست عدم استحکام اور بد اعتمادی کا باعث بن رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات گیس و بجلی کی قیمتوں میں اضافے بیروز گاری مہنگائی غربت کے خاتمہ کے خلاف پریس کلب چنیوٹ کے باہر تحریک لبیک کا احتجاج ضلعی امیر قاری محمد رحمت اللہ قادری و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مفاد پرست سیاستدانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے غریبوں کا اب زندگی گزارنا مشکل ہو گیا روزانہ کی بنیا دپر اب پیٹرولیم مصنوعات گیس بجلی سمیت تمام اشیاء کی قیمتوں میں نان سٹاپ اضافے سے غریبوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ بھوئے آصل سے نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز جمعہ کے بعد ٹی ایل پی قائدین چوہدری محمد علی ، مولانا غلام مصطفے نظامی ، مولانا عمران شکیل ، مولانا جاوید اقبال نوری ، محمد نوازکمبھوء و دیگر علماء نے سینکڑوں کارکنان کے ہمراہ پل نہر پریس کلب کے قریب بھر پور احتجاج کرتے ہوئے موجودہ حکمرانوں سے مہنگائی کم کر کے 14 فروری کی سطح پر لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلیوں میں موجود ارکان کی مراعات پر روزانہ اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں حکمرانوں کی عیاشیوں میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مہنگائی کے خلاف تحریک لبیک کے کار کنان نے ضلعی امیر منیر احمد خاں ساقی کی زیر قیادت ریلی نکالی گئی ریلی کچہری چوک قصور سے ہو کر پریس کلب قصور جا کر اختتا م پذیر ہوئی۔ تحریک لبیک پاکستان کی کال پر ضلعی ہیڈ کوارٹر قصور میں تحریک لبیک کی مہنگائی مکاؤ ریلی ضلعی امیر منیر احمد خاں ساقی کی زیر قیادت نکالی گئی‘ پریس کلب قصور کے باہر ریلی کے اختتام پر ضلعی امیرمنیر احمد خاں ساقی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے غریب عوام کو فوری طور پر ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات نہ کیے تو پھر تحریک لبیک کے قائد ین اور کارکنان حکومت کے خلاف سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہو نگے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام بعداز نماز جمعہ پریس کلب کے باہر مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں پارٹی عہدیداران اورکارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی مظاہرہ کی قیادت ضلعی صدر ڈاکٹر محمد شاہد گجر نے کی۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمدشاہد گجر نے کہاکہ موجودہ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں جس سے عوام کا کمر توڑ مہنگائی کے باعث جسم اور رو کا رشتہ برقرار رکھنا بھی مشکل ہوگیا ہے بڑھتی ہوئی مہنگائی سے حکومت کی نااہلی ،نالائقی اور چو ر بازاری بھی عیاں ہوگئی ہے۔ عالمی منڈی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین اور ٹیکسز کو کم کیا جائے۔ جب تک حکومت مہنگائی کم نہیں کریگی ہم احتجاجی راستہ اختیار کئے رکھیںگے ۔