• news

جیل بھرو تحریک سسکیوں کے ساتھ ختم ، امریکی سازشوں کا رونا رونے والے پاؤں پکڑ رہے : مریم نواز 

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ ) چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ اہلیان گوجرانوالہ کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے سب سے پہلے فرعون'فتنہ' گھڑی چور 'نوسرباز کو پہچانا ' کورٹ کے باہر کھڑا ٹرک ملک کو لے کربیٹھ گیا ہے 'جیل بھرو تحریک آہوں' سسکیوں کے ساتھ اختتام پذیرہوئی' ہوش وحواس سے عاری 'منشیات کے عادی شخص کے حوالے 22کروڑ عوا م اور ملک کا مستقبل نہیں کیاجاسکتا ' ایسے شخص کو پاگل خانے یا ری ہیبلیٹیشن مرکز میں رکھنا چاہیے 'لوگوں کی گاڑیوں پر امریکہ مخالف سٹکر لگوا کر آج ملک سے باہر ایکسپورٹ ہونے کیلئے اسی امریکہ کی منتیں کررہا ہے۔ تقاریر سے توہین عدالت نہیں ہوتی 'توہین عدالت تب ہوتی ہے جب چور'ڈاکو' گھڑی چور ' جس کی بیوی ہیرے جواہرات رشوت میں وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑی جائے اور وہ دندناتا پھرے۔ نوازشریف کا مذاق اڑانے والے آج مکافات عمل کا شکار ہیں۔ ٹرک کے چاروں پہیے پنکچر کرکے گھر بھیجیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں تنظیمی ورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ 2018کے الیکشن میں سسٹم بٹھادیا گیا۔ تب گوجرانوالہ مگرمچھ کے منہ سے اپنی سیٹیں نکال کر لایا۔  2014میں جب دھرنے کیلئے روانگی کیلئے وہ گوجرانوالہ سے نیواں نیواں ہوکر گزرا تھا۔ بڑی تکلیف ہے کہ مریم نے یہ کہا مریم نے وہ کہا۔ پرویزالہی، یاسمین راشد، فواد چودھری کی آڈیوز سنی ہیں۔ ٹرک پھڑیا گیا۔ ان میں مریم نواز کہیں نہیں تھی۔ اب وہ یہ نہ کہہ دیں کہ کورٹ کے باہر جو ٹر ک کھڑا ہے وہ مریم نواز چلارہی تھی، ٹرک ملک کو لے کربیٹھ گیا ہے' اس ٹرک کے چاروں پہیے پنکچر کرکے گھر بھیجیں گے۔ اب جہاں جہاں ٹرک کھڑا دیکھیںگے آپ خود ہی سمجھ جائیںگے۔ مریم نوازکے شیشہ دکھانے پر توہین عدالت یاد آجاتی ہے 'توہین عدالت تب نہیں ہوتی جب ملک کا منتخب وزیراعظم کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر 'اقامہ رکھنے پر اس کے دفتر سے نکال دیا گیا۔ کیا جھوٹے کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دینے پر توہین عدالت نہیں ہوتی' توہین تب نہیں ہوئی جب وزیراعظم کواقامہ پر تاحیات نااہل کردیا 'پارٹی سربراہی سے محروم کردیا 'بیٹی کو دس سال کیلئے نااہل کردیا توہین عدالت تب ہوتی ہے۔ اس مجرم کا فیصلہ کرنے والی کوئی عدالت ہے یا اس کا فیصلہ روز قیامت تک کیلئے چھوڑ دیا جائے ۔ عمران خان ہر فورم پر جھوٹ بولتے ہیں' جائیدادیں چھپاتے ہیں'بیٹی کو چھپایا اسی طرح چار الیکشن لڑ لیے 'نوازشریف کی بیٹی عوام کے درمیان ہے 'تمہاری بیٹی کہاں ہے۔ جو شخص اپنی بیٹی کو انصاف نہیں دے سکتا وہ پاکستان کو کیا انصاف دے گا۔ مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف نے دو سو پیشیاں ان کا ہاتھ تھام کر بھگتیں، ہفتے میں پانچ روز عدالت لگتی تھی، نوازشریف بیوی کو بستر مرگ پر چھوڑکر آیا، بے گناہ ہوتے ہوئے عدالت میں پیش ہوا نوازشریف کو کہاجاتا تھا کہ ایک گھنٹے میں عدالت پیش ہواور وہ ہوتے تھے جبکہ عمران خان کو عدالت آوازیں دے دے کر بلاتی ہے۔ جس شخص کو بچایا جارہا ہے اس کی سیاست دیکھ لیں جب حکومت سے نکلا 'کہا سائفر آگیا 'امریکہ نے حکومت کیخلاف سازش کی 'کہا غلامی نا منظور 'اب پائوں میں گرکرمعافیا ںمانگ رہاہے'جھوٹے سائفر کی بنیاد پرحکومتیں توڑیں'ضمانت پارک میں بیٹھ ایکسپورٹ ہونے کوتیار بیٹھا ہے 'لوگوں کی گاڑیوں پر سٹکر لگواکر پتلی گلی سے نکل گیا لانگ مارچ ناکام ہوگیا خودہیلی کاپٹر کے مزے لیتے رہے۔تاریخ میں پڑھتے تھے جیل بھروتحریک بڑی کامیاب ہوتی تھیں مگراس سے زیادہ ناکام تحریک نہیں دیکھی جب لیڈر چھپ کر ضمانت پارک بیٹھا رہے اورلوگ جیلیں بھریں 'جس اسمبلی سے نکلا اسی اسمبلی میں واپسی کیلئے منتیںکررہے ہیں ایسے فیصلوں کی صحت مندشخص سے توقع نہیں کی جاسکتی ۔ سترسال کے قرضے چار سال میں دگنے کرنے کے بعد پوچھتا ہے ڈالر کا ریٹ کیوں بڑھ رہا ہے'آئی ایم ایف کے ساتھ قیمتیں بڑھانے کامعاہد ہ کرکے پوچھتا ہے مہنگائی کیوں ہورہا ہے۔پاکستان کے مسائل کی وجہ صرف یہ ہے کہ تم نے نوازشریف کے خلاف سازش کی'پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکوکواپنی پارٹی میں سب سے بڑاعہدہ دیاقوم عمران خان کے سہولت کاروں سے سوال کررہی ہے کہ کیوں ایسے شخص کوبچانا چاہتے ہیں۔ کیوں اپنی نوکریوں کے پیچھے پڑے ہو۔جس کی سیاست کی کشتی گہرے پانیوں میں ڈوب چکی ہے'اس کاپتہ ہے کہ وہ ختم شد 'وہ اپنے انجام کوپہنچ گیا 'عمران خان ڈوبتے ڈوبتے سہولت کاروں کو بھی لے ڈوبے گاگوجرانوالہ ڈویڑن تیار ہے 'مسلم لیگ ن بھی تیار ہے' ن لیگ وہ واحد جماعت ہے جو الیکشن جیتنے کیلئے میدان میں اتر چکی ہے مگر الیکشن سے قبل ترازو کے دونوں پلڑے برابر ہونے چاہئیں'انہو ں نے کہا کہ چوہے کی طرح چھپ کر بیٹھنے والے اپنا انتخابی نشان ٹرک رکھ لیں 'انہوں نے کہا کہ سزا دینے والے ججوںنے اعتراف کیا غلط فیصلے لیے گئے 'ن لیگ کے ہاتھ پائو ں بندھے ہوئے ہیں 'چوری ڈکیتی سے ہاتھ رنگے ہوئے ہیں'دندناتا پھررہا ہے۔ امریکی سازش کا رونا رونے والے آج امریکیوں کے پائوں پکڑ رہے ہیں۔ لاڈلے کو عدالت بلا رہی ہے اور وہ پلاسٹر دکھا دیتا ہے۔ 5 ماہ سے پلاسٹر اترنے کا نام نہیں لے رہا۔ پہلے کہتا تھا غلامی نامنظور اور اب امریکہ کے پائوں گر کر معافی مانگ رہا ہے۔وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وطن عزیز گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے۔ مریم نواز نے واپس آکر اور پارٹی کو سنبھال کر ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ جن مشکلات کا سامنا ہمیں ایک سال میں ہوا ہے‘ شاید ہی پاکستان کی تاریخ میں کسی حکمران کو ہوا ہو۔ ہمارے مخالف فراڈیئے اور نوسرباز کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں۔کنونشن سے انجینئر خرم دستگیر خان‘ سٹی صدر مسلم لیگ (ن) سلمان خالد پومی بٹ‘ ایم پی اے عمران خالد بٹ و دیگر مقامی قائدین نے  بھی خطاب کیا۔ این این آئی کے مطابق مریم نواز کنونشن میں ٹرک لیکر آئیں، فواد چودھری اور ان کے بھائی کی مبینہ آڈیو لیک میں ٹرک کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کو اپنے خطاب کا حصہ بنایا۔

ای پیپر-دی نیشن