پنجاب میں 30 اپریل کو انتخاب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+خصوصی نامہ نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30 اپریل بروز اتوار کو کرانے کا اعلان کر دیا۔ صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔ الیکشن کمیشن نے 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کیلئے تاریخ تجویز کی تھی، الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحاً اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ہوا، جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے صدر مملکت کو خط ارسال کیا گیا، خط میں الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لئے 30 اپریل سے 7 مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کیں۔ خط میں کہا گیا کہ صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لئے تیار ہے۔ مزید براں معلوم ہوا ہے کہ صدر کی جانب سے الیکشن کمشن کو خط موصول ہو گیا ہے جس میں 30 اپریل کی تاریخ کی منظوری دی گئی ہے۔ الیکشن کمشن پنجاب کیلئے جلد انتخابی شیڈول جاری کرے گا جو 54 روز پر محیط ہو گا۔ چیف الیکشن کمشنر سلندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ممبران کمیشن و سیکرٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ، الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔مزید براں صدر مملکت عارف علوی نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں اتفاق کیا کہ ملک کی بہتری آئین و قانون کے مطابق چلنے میں ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ گورنر پنجاب کے اقدامات آئین کے مطابق تھے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے نے بھی اس بات کی توثیق کی ہے۔ موجودہ مسائل عارضی ہیں۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہو گا۔