شہباز شریف سے زرداری ، فضل الرحمن کی ملاقات : دو صوبوں میں الیکشن پر مشاورت
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیراعظم شہباز شریف سے اہم اتحادی رہنمائوں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور درپیش چیلنجوں پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق سربراہ جے یو آئی (ف) اور سابق صدر آصف علی زرداری کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں دیگر سیاسی رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور درپیش چیلنجوں پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں انتخابات کی تاریخ کے معاملہ پر بھی مشاورت کی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نے دیگر اتحادی رہنمائوں سے بھی ٹیلی فونک رابطے کئے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے نجکاری عابد حسین بھائیو نے ملاقات کی۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نجکاری ڈویژن کے امور پر بات چیت کی گئی ۔ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نجی اور بین الاقوامی کمپنیوں پر زوردیا ہے کہ وہ پاکستان میں شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں ،نجکاری کے بعد کراچی الیکٹرک کی کارکردگی میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کراچی الیکٹرک کے4 رکنی وفدنے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیراعظم نے کراچی الیکٹرک کے سرمایہ کاروں کو انرجی سیکٹر خصوصا شمسی توانائی کے شعبے سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کراچی الیکٹرک کو درپیش تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے نجی اور بین الاقوامی کمپنیوں کو استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں قطر کے سفیر نے قطر اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ان مضبوط تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں اطراف کے باہمی عزم کا ذکر کیا۔ وزیراعظم نے 2022 میں تاریخی سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی عوام کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ قطری سفیر نے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے میں قطر کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔