شواہد موجود‘ عمران کو کچہری بلا کر قتل کیا جائے گا‘ بابر اعوان کے دلائل
اسلام آباد (وقائع نگار) پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس تازہ اطلاعات اور ٹھوس شواہد ہیں کہ دوبارہ عمران خان کی جان لینے کی کوشش کی جارہی ہے اور ایک غیر ملکی ایجنسی کسی پیشی پر عمران خان کو قتل کرنا چاہتی ہے۔ عمران خان نے بھی دو بار دہرایا کہ ان پر حملہ ہوگا، ان پر ایک اور قاتلانہ حملے کی تیار ہورہی ہے، عمران خان کو سکیورٹی کے اعتبار سے تنہا کردیا گیا ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے اندر سکیورٹی کے اہلکاروں کو کس نے ہٹایا، غیر ملکی ایجنسی عمران خان کی جان لینا چاہتی ہے، اطلاعات ہیں کہ عمران خان کو گھیر کر کچہری بلوا کر قتل کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ احمد نیازی عمران خان کی سکیورٹی کے انچارج ہیں، عمران خان کو پرسنل سکیورٹی سے محروم کرنی کیلئے سکیورٹی سٹاف کے خلاف مقدمے کیے جارہے ہیں، عمران خان پر اصرار کیا جا رہا ہے کہ وہ عدالت حاضر ہوں ، یہ تمام پرچے اسلام آباد میں کیوں ہو رہے ہیں؟ اسلام آباد کچہری میں اندھے قتل ہوئے اور کچہری محفوظ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملہ کرنے والے کو ویڈیو لنک سے پیشی کی اجازت مل سکتی ہے تو عمران خان کوکیوں نہیں؟۔ شہباز شریف اور حکومت لکھ کر دے کہ عمران خان کو کچھ ہوگیا تو وہ ذمہ دار ہوں گے۔