یوکرائن: روسی میزائل حملے میں 4افراد ہلاک امریکہ 400ملین ڈالر مزید امداد دیگا
کیف‘ واشنگٹن (اے پی پی‘ این این آئی) یوکرائن کے شہر زاپوریژیا پر روسی فوج کے میزائل حملے کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرائن اٹارنی جنرل دفتر کے ٹیلی گرام پیج سے جاری کردہ تحریری بیان میں بتایا گیا کہ روسی فوج نے رات ڈیڑھ بجے کے قریب زاپوریژیا کی 5 منزلہ رہائشی عمارت پر ایس 300- میزائل کے ساتھ حملہ کیا۔ حملے میں ایک بچے سمیت 5 افراد لاپتہ ہیں۔ امریکہ یوکرائن کو 400 ملین ڈالر مزید امداد دے گا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن جرمن چانسلر اولف شولز سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران جو بائیڈن یوکرائن کیلئے نئی فوجی امداد پر بات کریں گے۔ نئی امداد میں گائیڈڈ ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم‘ بریڈلے فائٹنگ وہیکلز کیلئے گولہ بارود اور بکتر بند گاڑیوں کیلئے پل شامل ہوں گے۔ امریکہ نے روس کے خلاف دفاع کیلئے یوکرائن کو تقریباً 32 بلین ڈالر کا اسلحہ فراہم کیا ہے۔ پینٹاگون یوکرائنی پائلٹوں کو فضا میں ایف 16 لڑاکا طیاروں کی تربیت شروع کرنے کیلئے تیارکردہ منصوبے کی منظوری دے رہی ہے۔ یوکرائنی پائلٹوں کو یہ تربیت امریکی فوجی اڈوں پر دی جائے گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوکرائن کے حوالے سے کوئی سیاسی پیش رفت ہوتی ہے تو اس صورت میں ٹریننگ کا عمل یوکرائن میں منتقل ہو سکتا ہے۔ ہنگری نے کہا کہ وہ یوکرائن کے خلاف روس کے اقدامات کو مسترد کرتا ہے۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے کہا کہ مغرب کو روس کے ساتھ پرامن طورپر چلنا ہوگا۔
یوکرائن/ روس حملہ