محمد خان بھٹی کا 8 مارچ تک کوئٹہ میں ریمانڈ‘ لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بازیابی
کوئٹہ‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سپیشل رپورٹر) سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کا بلوچستان میں 8 مارچ تک ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق محمد خان بھٹی کا کوئٹہ کی مقامی عدالت نے ریمانڈ منظور کیا۔ ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ محمد خان بھٹی کو گزشتہ روز بلوچستان پولیس نے گرفتار کیا تھا، محمد خان بھٹی تفتان بارڈر سے سرحد عبور کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ ریمانڈ ختم ہونے کے بعد اینٹی کرپشن پنجاب راہداری ریمانڈ کی درخواست دے گا، راہداری ریمانڈ ملنے کے بعد محمد خان بھٹی کو پنجاب لایا جائے گا۔ دوسری طرف محمد خان بھٹی کی بازیابی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 مارچ کو جواب سمیت طلب کر لیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل صفدر حیات بوسال نے مؤقف اختیار کیا کہ محمد خان بھٹی کو گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقہ سے گرفتار کیا گیا‘ اینٹی کرپشن نے تسلیم کیا ہے کہ محمد خان بھٹی کی گرفتاری کے لئے چار رکنی ٹیم بھجوائی گئی ہے، چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے کہ محمد خان بھٹی کو کہاں رکھا گیا ہے۔ عدالت محمد خان بھٹی کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے۔
محمد خان بھٹی