تمام سیاسی پارٹیاں اقتدار میں، یہی خرابی حالات کی ذمہ دار: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی حکومت نے ماضی کی طرح اشرافیہ کے ان جرائم کو دہرایا جو کسی بھی ملک کے لیے تباہ کن ہوتے ہیں۔ اس وقت تمام سیاسی پارٹیاں اقتدار میں ہیں اور یہی ملکی حالات کی خرابی کی ذمہ دار ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے سنجیدہ رویہ اختیار نہ کیا اور آپس میں انتخابی اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا نہ کیا گیا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی مجلس شوریٰ سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس تین روز جاری رہے گا جس میں ملک بھر سے اراکین شوریٰ شریک ہیں۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت کا آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پر کسانوں کو بجلی پر دی گئی 3.60روپے فی یونٹ سبسڈی ختم کرنا ظالمانہ اقدام ہے، حکمرانوں نے لاکھوں نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا، قومی معیشت ڈیفالٹ کر رہی ہے، رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ انتہائی ظالمانہ فعل ہے، ہم اقتدار میں آ کر سودی نظام کو ختم کریں گے، ٹیکسز کی بجائے زکوۃ اور عشر کا نظام لائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی جس میں کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر سندھ حکومت کی طاقت سے قبضہ کرنے کی کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ الیکشن کمشن اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا اور مطالبہ کیا کہ جعلی ری کاؤنٹنگ کا عمل فوری طور پر روکا جائے۔
سراج الحق