• news

فروغ امن وقت کی ضرورت، وزیر اوقاف، دشمن کی سازشیں ناکام بنائیںگے، عبدالخبیر آزاد 


لاہور(خصوصی نامہ نگار) محکمہ اوقاف کے زیراہتمام و خطیب و امام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کی زیر نگرانی بادشاہی مسجد میں  پیغام امن کانفرنس میں مقررین نے ملک کے موجود حالات کے تناظر میں معاشرے میں امن و رواداری کے فروغ پر زور دیا ہے۔ بادشاہی مسجد لاہور میں ہونے والی کانفرنس کے مہمانِ خصوصی نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر تھے۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈائریکٹر جنرل آصف علی فرخ، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی و خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالکبیر آزاد، مولانا آصف قاسمی اور دیگر علمائے کرام بھی موجود تھے۔ مبلغ اسلام شیخ التفسیر فرزنددیوبند مولانا محمد آصف قاسمی مہتمم جامعہ اسلامیہ آف ٹورنٹو (کنیڈا)اور تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام و مشائخ نے خصوصی خطاب کیا، وزیر اوقاف پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ معاشرے میں فروغ امن وقت کی ضرورت ہے اور اس میں علما اور مشائخ کا اہم کردار ہے۔ رمضان المبارک کی آمد ہے، ضروری ہے کہ محراب و منبر سے صدائے امن بلند کی جائے۔  سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ فروغِ امن کانفرنس سے ہر طبقے کو مثبت پیغام جائے گا۔ مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہمیں امن،اخوت،محبت،رواداری،قومی یکجہتی،بھائی چارے اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے،ملک دشمن طاقتوں کی سازشوں کو ملکر ناکام بنائیں گے ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امن خطے کے امن کو مضبوط کرے گااور قوم کیلئے ترقی و خوشحالی کے نئے راستے کھلیں گے شیخ التفسیر مولانا آصف قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام علماء  منبرومحراب سے احترام انسانیت،تشدد سے پاک معاشرہ اور قومی یکجہتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں دیگر مقررین اور علماء  کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افواج پاکستان نے ملک کی سلامتی و دفاع کیلئے لازوال اور بے مثال قربانیاں دی ہیں جوملک و قوم کے لیے باعث فخر ہیں جسے ہم سلام پیش کرتے ہیں،پاکستان کی سلامتی اور دفاع کیلئے علماء  کرام نے ہمیشہ قوم کو تیار رکھا ہے اور آئندہ بھی قوم کو بیدار رکھیں گے کانفرنس میں جو علماء کرام و مشائخ عظام شریک ہوئے جن میں مولانا سردارمحمد خان لغاری،سمیع اللہ قادری، مولانا نعیم بادشاہ،مولانا شکیل الرحمن ناصر،علامہ سجاد حسین جوادی،علامہ محمدالرشید ترابی، پیر ولی اللہ شاہ بخاری، مولانا عبدالستار نیازی، حافظ سید محمد عبدالرزاق آزاد،قاری فتح محمد راشدی،مولانا شفیق احمد اعوان،بلال احمد میر،خواجہ جاوید اسلم صحاف،چوہدری اکبر علی گجر، قیصر ادریس، قاری انیس الرحمن،سید عبدالقدیر آزاد،سید عبدالبصیر آزاد،سید عبدالکبیر آزاد و دیگر شریک تھے،آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،پاکستان کی سلامتی و تحفظ،ترقی و خوشحالی،مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔
پیغام امن کانفرنس 

ای پیپر-دی نیشن