• news

گوجرانوالہ میں بسنت‘ بیٹے کو کرنٹ سے بچاتے ماں چل بسی


گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) پتنگ بازی کے الزام میں پکڑے جانے والے نوجوان کو چھڑانے کیلئے وکلاء کا مبینہ طورپر تھانے میں گھس کر تفتیشی اور پولیس اہلکاروں پر تشدد، سنگین نتائج کی دھمکیاں‘ پولیس نے تین وکلاء کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ بتایا گیا ہے کہ ماڈل ٹائون پولیس نے  ایک نوجوان فیضان کو پتنگ بازی پر گرفتار کیا تھا جس پر ملزم کے رشتہ دار سمیت تین وکلاء تھانہ ماڈل ٹائون میں داخل ہوگئے اور گالم گلوچ، سنگین تنائج کی دھمکیاں دیں جس پر پولیس نے تین وکلاء  حسن رشید، نوید احمد، شیخ عفنان ریاض کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ مقدمہ درج ہونے کی اطلاع ملنے پر 10 سے زائد وکلاء نے تھانے میں آکر شور شرابہ کردیا۔ ملزمان کے زدوکوب پر پولیس کانسٹیبل کی وردی پھٹ گئی۔ دریں اثناء پابندی کے باوجود گوجرانوالہ شہر میں بھرپور بسنت منائی  گئی‘ شہر کے مختلف علاقوں میں ر نگ برنگی پتنگیں آسمان پر اڑتی رہیں۔  کئی جگہ پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ درجنوں پتنگ باز گرفتار کرکے پتنگیں اور ڈور برآمد کرکے  مختلف تھانوں میں شفٹ کردیا گیا۔ دوسری طرف فیروز والہ روڈ پر پتنگ بازی کرتے ہوئے چودہ سالہ حماد کی پتنگ بجلی کی تاروں پر گر گئی جس سے نوجوان کو بجلی کا جھٹکا لگا جبکہ قریب موجود ماں کبریٰ نے بیٹے کو بچانے کی کوشش کی تو اسے بھی شدید کرنٹ لگا جس سے ماں موقع پر جاں بحق ہوگئی‘ حماد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بسنت

ای پیپر-دی نیشن