• news

فرقوں ، گروہوں میں تقسیم ہو کر اللہ تعالیٰ کو ناراض کر رہے ہیں:عبد الغفار روپڑی 


لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا ہے کہ اسلام کی دعوت پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہی اور ہم اسلام سے دوری اختیار کررہے ہیں جس کے سبب ہم مصیبتوں اور پریشانیوں میں مبتلا ہوتے جارہے ہیں۔ ہمیں اسلام کی تعلیمات کو اپنا کر ہی عزت مل سکتی ہے یہ بات انہوںنے جامعہ القدس چوک دالگراں میں کہی۔ حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا کہ ہم فرقوں اور گروہوں میں تقسیم ہو کر اللہ تعالیٰ کو ناراض کر رہے ہیں۔ ہماری نجات کا واحد راستہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت میں ہے۔ ہم دنیا کو حاصل کرنے کیلئے شرعی احکامات سے روگردانی کررہے ہیں۔ فرقوں اور گروہوں میں تقسیم ہو چکے ہیں۔ اسلام کے نام پر بننے والے اس ملک میں سود کے نظام کو فروغ دے کر معیشت کو بہتر بنانے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں۔حکومت نے غریب عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ آئی ایم ایف کبھی پاکستان کی معیشت کو بہتر نہیں بنا سکتی دشمن کی پالیسیوں کی وجہ سے ہم فائدے کی بجائے تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن