عشق رسول ؐ سدا بہار گلشن جس کیلئے کوئی خزاں نہیں ہے:اشرف آصف جلالی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ ؐو تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں شہید ناموس رسالتؐ غازی ملک ممتاز حسین قادری شہید قدس سرہ العزیز کے ساتویں سالانہ عرسِ مقدس کے سلسلہ میں ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا غازی ممتاز حسین قادری شہید نظریاتی بنیادوں پر اہل سنت کے باہمی اتحاد کے علمبردار تھے۔ انہوں نے اڈیالہ جیل سے قائدین تحریک رہائی کے نام اپنے خطوط میں بار بار اس امر کا اظہار کیا۔ اللہ تعالیٰ کا کروڑوں بار شکر ہے کہ مجھے غازی ممتاز حسین قادری کا اندازِ عشق رسولؐ ،قرآن و سنت اور فقہ اسلامی کی روشنی میں ثابت کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ ناموسِ رسالتؐ پر اپنی جان قربان کرنے والے مٹتے نہیں، معاشرے پر ان مٹ اثرات مرتب کرتے ہیں۔ عشق رسول ؐ وہ سدا بہار گلشن ہے جس کیلئے کوئی خزاں نہیں ہے۔عرس کی تقریب میں علامہ محمد ادریس جلالی، علامہ محمد فرید احمد ساسولی، میاں محمد الیاس جلالی، حاجی محمد منیر قادری، محمد شکیل جلالی، حاجی محمد بوٹا صدیقی، شیخ حنیف شرقپوری و دیگر نے شرکت کی۔