لاہور قلندرز کی نمائندگی کو اعزاز سمجھتا ہوں
حافظ عمران
پاکستان اور افغانستان کے میچوں کا الگ ہی مزہ ہے
پاکستان میں شائقین کا جوش و جذبہ بہتر کھیل کے لیے متحرک کرتا ہے
لاہور قلندرز کے آل رائونڈر راشد خان کی گفتگو
پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں اور شائقین کا جوش و جذبہ بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جا رہا ہے۔ لاہور میں ہونے والے میچز کو دیکھا جائے تو یوں لگتا ہے کہ جیسے لاہوریے سارا سال شدت کے ساتھ پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انتظار کرتے ہیں۔ اب تک لاہور میں ہونے والے تمام میچز میں ’’ہائوس فل‘‘ رہا ہے۔ یہ شائقین کی نہ صرف کھیل سے محبت ہے بلکہ اس جوش و جذبے کو بڑھانے اور پرستاروں کو پی ایس ایل کے ساتھ جوڑے رکھنے کا کریڈٹ لاہور قلندرز کی انتظامیہ کو بھی جاتا ہے۔ لاہور کی تمام بڑی اور اہم سڑکوں کو اس انداز میں سجایا گیا ہے کہ جشنِ بہاراں کا احساس ہوتا ہے۔ کھلاڑیوں کی تصاویر ہر وقت لوگوں کو یاد کرواتی ہیں کہ قذافی سٹیڈیم میں میچ شروع ہونے کو ہے اسی طریقے سے رات کے وقت لائٹنگ بھی لاہور کے حُسن میں اضافہ کرتی ہے۔ لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کہتے ہیں کہ ’’ہم بڑی تعداد میں سٹیڈیم آ کر میچز دیکھنے والے شائقین کی محبت کا قرض کبھی ادا نہیں کر سکتے۔ ہر میچ میں سٹیڈیم کا بھر جانا یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ شاید کرکٹ سے بے پناہ محبت کرنے والے لاہوریوں کو اب ایک بڑے سٹیڈیم کی ضرورت ہے جہاں 80 ، 90 ہزار یا ایک لاکھ شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہو۔ بہرحال اب تک ہونے والے میچز میں جہاں شائقین نے بھرپور انداز میں کھیل کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا ہے وہیں کھلاڑیوں نے بھی کھیل کے ذریعے دیکھنے والوں کو بہترین تفریحی فراہم کی ہے۔ ہماری اب تک کی کارکردگی بہت اچھی ہے اور ٹائٹل کا دفاع کرنے کی خواہش بھی ہے۔ اپنے کھلاڑیوں سے اچھی توقعات ہیں۔ شاہین آفریدی ، حارث رئوف، فخر زمان، راشد خان ،ڈیوڈ ویسا، عبداللہ شفیق، سکندر رضا سمیت دیگر کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے مطابق پرفارم کیا ہے۔‘‘
لاہور قلندرز کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے آل رائونڈر راشد خان کا کہنا ہے کہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں اور اعزاز کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دیگر ٹیموں میں بھی اچھے کھلاڑی ضرور موجود ہیں لیکن لاہور قلندرز کی کارکردگی بھی بہت اچھی رہی ہے گزشتہ برس بھی شائقین نے بہت حوصلہ افزائی اور محبت کا اظہار کیا۔ شائقین کی بڑی تعداد کا سٹیڈیم تک آنا کھیل سے محبت کا اظہار ہے ایسے ماحول میں کھلاڑی کی صلاحیتوں اور اعصاب کا اصل امتحان ہوتا ہے کیونکہ اگر کرائوڈ آپ کو سپورٹ کر رہا ہے یا پھر وہ آپ کو سپورٹ نہیں کر رہا تو دونوں صورتوں میں کھلاڑیوں کے اعصاب کا امتحان ہوتا ہے ان حالات میں اگر آپ ذہنی طور پر مضبوط نہ ہوں تو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔ پی ایس ایل کھیلنے کے لیے جب بھی آتا ہوں بہت زیادہ محبت ملتی ہے۔ ٹیم میں فیملی جیسا ماحول ہے کھلاڑیوں سے بہت دوستی ہے اور ٹیم مینجمینٹ بھی اس سلسلے میں مبارک باد کی مستحق ہے ہم سب لوگ مل کر اچھی کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور شائقین کو کھیل کے ساتھ جوڑے رکھنا چاہتے ہیں۔ شاہین آفریدی، حارث رئوف، فخر زمان اور دیگر کھلاڑی بھی ایک دوسرے کا بہت خیال رکھتے ہیں یہ محبت ہی مجھے ہر سال لاہور قلندر کی طرف سے پی ایس ایل کھیلنے کھینچ لاتی ہے۔ میرا دل ہی نہیں چاہتا کہ اس اپنائیت اور محبت والے جذبے کو چھوڑ کر کسی اور ٹیم کی طرف سے کھیلوں۔ قلندرز کی نمائندگی پر خوش ہوں اور اسے اعزاز سمجھتا ہوں۔ پاکستان اور افغانستان کے مابین ہونے والے میچز بھی بہت دلچسپ اور سنسنی خیز ہوتے ہیں ان میچز سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین زیادہ میچز ہونے چاہئیں۔ دونوں ملک سخت حریف ہیں بالخصوص ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے مابین ہونے والے میچز اس فارمیٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا امتحان ہوتے ہیں اور دونوں ٹیموں کے پاس اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ ان میچز سے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں کیونکہ پاکستان کی ٹیم میں بھی دوست کھیل رہے ہوتے ہیں۔ برائن لارا کو بائولنگ کرنا بہت یادگار واقعہ ہے وہ دنیا کے عظیم کھلاڑی مانے جاتے ہیں اور بالخصوص سپنرز کو بھی بہت اچھا کھیلتے تھے انہیں بائولنگ کرنا بہت اچھا لگا گو کہ میں انہیں آئوٹ نہیں کر پایا لیکن برائن لارا جیسے عظیم کھلاڑی کو بائولنگ کرنا ہمیشہ یاد رہے گا۔
بابر اعظم اور ویرات کوہلی جیسے ورلڈ کلاس بلے بازؤں کو باؤلنگ کرنا آسان نہیں ہے میں اپنی چیزوں کو بہت سادہ رکھنے کی کوشش کرتا ہوں اور اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے معمول کے مطابق گیند بازی کرتا ہوں یہ بات ضرور ہے کہ ایسے بہترین بیٹرز کو باؤلنگ کرتے ہوئے آپ کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی آپ کو اپنی کنسٹرکشن 300,200 فیصد بڑھانا پڑتی ہے۔ میں دنیا بھر میں کرکٹ کھیلتا ہوں کفایتی باؤلنگ کا مظاہرہ اس لئے ہوتا ہے کہ میں اچھی جگہ گیند بازی کی کوشش کرتا ہوں بلے بازوؤں کو آزادانہ رنز بنانے کا موقع نہیں دیتا ہر وقت بہتر کھیل کا جذبہ رہتا ہے اور اس لئے محنت کرتا ہوں کبھی توجہ تقسیم نہیں ہوئی کوئی بھی بلے باز سامنے کھیل رہا ہو میں ریلیکس نہیں کرتا۔
انسٹا گرام ریلیز خود بناتا ہوں سوچتا ہوں اور بیٹھے بیٹھے کوئی خیال آتا ہے تو کوئی ایک ویڈیو بنا لیتا ہوں چونکہ پرستار کھیل سے ہٹ کر بھی اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کے بارے میں کچھ دیکھنا چاہتے ہیں تو ان کے ساتھ ایسے چیزیں شیئر کرنا اچھا لگتا ہے ایک مرتبہ ویرات کوہلی نوجوانوں کو بیٹنگ کے بارے میں کچھ بتا رہے تھے کہ بڑے شاٹس کیسے کھیلنے ہیں اسی دوران میں وہاں آیا تو انہوں نے کہا کہ اسے مت دیکھنا اسے ہیڈ پوریشن یا کسی اور چیز کا خیال نہیں ہوتا یہ ہر جگہ سے چھکے لگتا ہے۔