• news

وزیر اعظم کی اپوزیشن لیڈر سے مشاورت لیفٹیننٹ جنرل  (ر) نذیر احمد چیئرمین نیب  تعینات


اسلام آباد؍ لاہور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی مفاد پر مشتمل بالخصوص دو طرفہ تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکہ سے دو طرفہ کثیرالجہتی تجارتی تعلقات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون  کو مزید بہتر بنانا حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سفیر کو ہدایت کی کہ امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں ممکنہ مواقع کو اجاگر کرنے  کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ امریکی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنے کی بھی خصوصی ہدایت کی تاکہ حکومت بروقت اور موثر اقدامات اٹھا کر تجارتی حجم کو مزید بہتر کر سکے۔ ملاقات کے دوران  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کے لئے درآمدات و برآمدات پر لاگو قوانین و ضوابط کو آسان بنانے کے لیے حکومت ترجیحی  بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔سفیر سردار مسعود خان نے امریکا میں موجود پاکستانی سفارتی مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف اور راجہ ریاض نے چیئرمین نیب‘ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات سے متعلق امور پر بات چیت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں اہم قانونی اور آئینی امور پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت بھی کی۔
وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) تعینات کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین نیب کی تقرری کی منظوری دے دی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن  وزارت قانون  نے  جاری کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے درمیان  اتفاق رائے کے بعد چیئرمین نیب کی تعیناتی کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے چیئرمین نیب کی تعیناتی کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دی۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی بطور چیئرمین تعیناتی 3 سال کے لیے ہو گی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد این ڈی یو  کے صدر اور ملٹری سیکرٹری  ٹو پی ایم جیسے مناصب  پر بھی  کام کر چکے ہیں۔
چیئرمین نیب تعینات 

ای پیپر-دی نیشن