• news

مسائل میں ڈوبے ملک کو بچانے کیلئے ہمیشہ شریف برادران کو آنا پڑتا ہے : مریم نواز



گوجرانوالہ +لاہور (نمائندہ خصوصی +نیٹ نیوز) مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ مشکل معاشی حالات میں ڈوبا ملک ہمیں ملا ہو، ملک جب مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نواز شریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے۔ مریم نواز کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مرکزی تنظیمی اجلاس ہوا جس میں خواجہ آصف، پرویز رشید اور رانا ثناء اللہ سمیت رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میں تنظیمی کنونشن پر ڈویژن کے عہدیداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ مریم نواز  نے کہا کہ الیکشن ہو یا فسطائیت کا مقابلہ، گوجرانوالہ اس میں سب سے آگے ہے۔ گوجرانوالہ ٹیم نے پارٹی کی دیگر ڈویژنز کو چیلنج کر دیا۔ یقین ہے پارٹی کے ڈویژنز اس چیلنج کو قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پتلی تماشہ کرنے والے گھروں میں قید ہو چکے ہیں۔ سازشیوں کی سازش ہے کہ معیشت نہ سنبھلے مگر ہم لوڈشیڈنگ کے اندھیروں کی طرح معاشی اندھیرے بھی ختم کریں گے۔ ملک جب مسائل میں ڈوب جاتا ہے تب ہی نواز شریف اور شہباز شریف کو آنا پڑتا ہے۔ ہمیشہ کی طرح شیر ہی قوم کو مسائل اور انہیں پیدا کرنے والے گیدڑوں سے نجات دلائے گا۔ عمران داری کا ٹرک ڈرائیوروں سمیت پکڑا جا چکا اور الزام لگانے والے منہ چھپاتے پھرتے ہیں ہماری قیادت عوام کی کارکردگی کے امتحان میں سرخرو ہوئی۔ گوجرانوالہ شیروں کا شہر تھا، ہے اور رہے گا۔ یوتھ ونگ کا جذبہ متاثر کن ہے۔ مسلم لیگ ن نوجوانوں کی جماعت بن چکی ہے۔ مشکل حالات میں یوتھ ونگ نے جرات مندانہ کردار ادا کیا۔ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، تعلیم و تربیت، جدید ٹیکنالوجی، ہنر مندی اور شعور نوجوانوں کی ترقی کے راستے ہیں۔ مشکلات سے لڑ کر زندگی میں مقام بنانا ہی ایک جوان کی شان ہوتی ہے۔ نوجوان ہی ملک کی مستقبل کی قیادت ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا ہے عدالتوں کو منظم قوت بنائیں گے۔ آپ کی شناخت اور جماعت کو مٹانے والے اللہ کے کرم سے خود مٹ گئے۔ الحمد اللہ، ہماری قیادت ایمان دار، نیک نام اور عوام کی کارکردگی کے امتحان میں سرخرو ہوئی۔  مریم نواز شریف نے سابق ایم پی اے عمران خالد بٹ ، سٹی صدر پاکستان مسلم لیگ ن سلمان خالد پومی بٹ، سابق نائب صدر چیمبر آف کامرس کامران خالد بٹ، عثمان خالد بٹ اور عمر فاروق بٹ کی رہائشگاہ ان کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کرنے کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ امریکہ کے سامنے نہیں جھکیں گے۔ اب پیروں میں گرا ہوا ہے، لوگوں کو کہتا تھا کہ ہم کیا امریکہ کے غلام ہیں اور خود معافی مانگ کر پتلی گلی سے نکل گیا، جب لیڈر ضمانت پارک میں بیٹھا ہو گا تو کارکن کو کیا پڑی ہے کہ وہ جیلیں بھریں، علاوہ ازیں مریم نواز نے ڈویژنل اقلیتی ونگ تحلیل کرتے ہوئے 14رکنی نئے ڈویژنل اقلیتی ونگ کی منظوری دی۔ سہیل انور سہوترہ نئے ڈویژنل اقلیتی ونگ کے صدر اور نعیم بھٹی کو جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا، مریم نواز نے پاکستان مسلم لیگ ن شعبہ خواتین ونگ کی عہدیداران، سوشل میڈیا ٹیم اور یوتھ ونگ عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کیں۔مریم نوازشریف گوجرانوالہ میں وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کی رہائشگاہ پر بھی گئیں اور بزرگ لیگی رہنما غلام دستگیر خان کی خیریت دریافت کی اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی گفتگو بھی کی۔ مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن اور ملک کیلئے غلام دستگیر خان کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ غلام دستگیر خان مسلم لیگ ن کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن