• news

ڈی سی لاہور کا عورت مارچ سے انکار‘ پابندی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج 


لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ضلعی انتظامیہ لاہور نے 8 مارچ کو مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاج کے باعث عورت مارچ انتظامیہ کو ناصرباغ، ایوان اقبال، الحمرا اور مال روڈ پر مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا جس کے بعد عورت مارچ پر لگائی گئی پابندی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سول سوسائٹی، خواتین کی نمائندہ مختلف این جی اوز اور ٹرانس جینڈرکمیونٹی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لاہور میں عورت مارچ کے انعقاد کی اجازت کے لئے درخواست دی تھی جسے ڈپٹی کمشنر لاہور نے مسترد کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے سکیورٹی خدشات، مارچ کے دوران متنازعہ پلے کارڈز اور نعروں اور اسی روز جماعت اسلامی کی خواتین کی طرف سے مال روڈ پر حیاء مارچ کے شرکا کے ساتھ تصادم کے خدشات کی وجہ سے عورت مارچ انتظامیہ کی درخواست مسترد کر دی۔ دوسری طرف عورت مارچ کی آرگنائزنگ کمیٹی نے کہا کہ عورت مارچ ان کا آئینی حق ہے اور وہ اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ لاہور ہائی کورٹ میں درخواست ہائیکورٹ بار کی خاتون سیکرٹری صباحت رضوی کی وساطت سے دائر کی گئی۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ ڈی سی لاہور کا عورت مارچ پر پابندی کا فیصلہ غیر قانونی ہے۔ عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عورت مارچ پر پابندی سے متعلق ڈی سی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
عورت مارچ

ای پیپر-دی نیشن