اپوزیشن لیڈر شاہ محمود ہیں، مشاورت نہیں ہوئی، چیئرمین نیب کا تقرر متنازع: فواد چودھری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے چیئرمین نیب کی تقرری کے عمل کو متنازع قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے مزید کہا عدالت پی ٹی آئی ممبران کے استعفوں کا نوٹیفکیشن معطل کر چکی ہے اور تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو قائد حزب اختلاف نامزد کر چکی ہے۔ اس پس منظر میں نئے چیئرمین نیب کی تقرری میں حکومت اور اپوزیشن کی مشاورت کا عمل قانونی اعتبار سے نہیں ہوا جو چیئرمین نیب کی تقرری کے عمل کو متنازع بناتا ہے۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔