نئے آرمی چیف سے ملاقات، پرانے کا کورٹ مارشل چاہتا ہوں، وزیر دفاع کا عمران پر وار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر ان پر شاعرانہ طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری دو نمبری دیکھ کیا چاہتا ہوں۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے عمران خان کے گزشتہ روز دیے گئے بیان کا حوالہ دیا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر باجوہ کے کورٹ مارشل سے متعلق بات کی۔ اس پر خواجہ آصف نے شاعرانہ انداز میں لکھا کہ پرانے آرمی چیف کا کورٹ مارشل چاہتا ہوں، نئے آرمی چیف سے ملاقات چاہتا ہوں، میری دو نمبری دیکھ کیا چاہتا ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ سیاسی ورکر کو اپنی سیاسی روایات پر قائم رہنا ہوتا ہے۔ سیاسی ورکر کو قیدو بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ پی ٹی آئی میں ایسی کوئی بات ہی نہیں پی ٹی آئی کے لوگ ہر جگہ روتے دیکھے گئے یہ بدقسمتی ہے بدقسمتی سے لوگ بھی ان کے ساتھ ہیں۔ عمران خان کا ایک بھی بیانیہ ایک دو ماہ سے زیادہ نہیں چلا۔