سکولوں میں قرآن کی تعلیم کے قانون پر عملدرآمد نہ ہونے پر تشویش ہے:گورنر
لاہور ( نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں نگران صوبائی وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا سرمایہ ہے اور انہیں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیمات سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ قرآن کریم کی سکولوں میں تعلیم کے حوالے سے جو مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں قانون پاس کیا گیا تھا اس پر تاحال پوری طرح عملدرآمد نہیں ہو سکا۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ گورنر ہائوس لاہور میں فلاحی ادارے کی جانب سے 25 غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے معاشرے میں اچھی روایات قائم ہوتی ہیں کہ شادیوں پر غیر ضروری اخراجات کرنے کی بجائے سادگی سے اس فرض کو ادا کریں۔ کامرس رپورٹر کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گزشتہ روز بیجوں کی تحقیق اور معیار کو بہتر بنا کر بڑی چھوٹی فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے کپاس، چاول اور چھوٹی فصلوں کیلئے 3 سب کمیٹیاں تشکیل دینے کا حکم دیا۔ گورنر ہاؤس کی نوٹیفکیشن کے مطابق کپاس کے جدید ٹیکنالوجی بیجوں کیلئے قائم کردہ سب کمیٹی کا سربراہ ڈاکٹر خالد حمید چیئرمین تارا گروپ کو مقرر کیا گیا ہے جو کپاس کے ماہرین کی سفارشات 15 مارچ کو گورنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں پیش کریں گے۔ ڈاکٹر خالد حمید تحفظ نباتات برائے فصل کپاس پر برطانیہ سے پی ایچ ڈی کا اعزاز رکھتے ہیں۔ انہیں کم خرچ سپرے و کیڑوں، بیماریوں سے تحفظ دلانے کی موثر ٹیکنالوجی کے علاوہ کپاس کی بحالی و ترقی کیلئے اپنے ادارہ میں وسیع پیمانے پر قائم کردہ بریڈنگ پراجیکٹ پر ڈبل و ٹرپل جین جی ایم او بیجوں کی کئی اقسام تیار کر کے متعارف کروانے کا افتخار بھی حاصل ہے۔