آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان ایجنڈے پر نہیں، یہ آڈیو ویڈیو کھیلنے میں مصروف: شیخ رشید
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان کا کیس ایجنڈے پر نہیں ہے۔ سیاست دان ویڈیو آڈیو کھیلنے میں مصروف ہیں۔ 90 روزہ نگران وزیر اعلی9 سالہ ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر رہے ہیں۔ الیکشن سے بھاگنے کی کوشش کی گئی تو نظریہ ضرورت جنم پائے گا۔ لال حویلی سے جاری بیان میں سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ الیکشن میں ہی ملک کی بقا ہے۔ غریب حاجیوں کے لیے بھی خزانہ خالی ہے۔ اب ڈالر والے حج کر سکیں گے، شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین نے مشکل کے وقت پاکستان سے دوستی کا حق ادا کیا، پھر بھی حکمران سامراج کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ عمران خان کی جدوجہد کا حتمی مرحلہ آ گیا، عمران خان جو بھی امیدوار کھڑا کریں گے اس کو سپورٹ کریں گے۔ الیکشن کمشن کوئی غلط نہ کرے وہ پھنس جائے گا۔ 72 گھنٹوں میں قومی اسمبلی توڑیں تو اکٹھے الیکشن ہوں گے۔