• news

اعظم سواتی‘  امجد کاکڑ سمیت پی ٹی آئی کے18   رہنمائوں کی رہائی ‘ پرجوش استقبال 


رحیم یار خان‘ ساہیوال‘ بھکر‘ سرگودھا‘قلعہ دیدار سنگھ (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سنیٹر اعظم سواتی کو ڈسٹرکٹ جیل رحیم یارخان سے رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے اعظم سواتی کو پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک میں حراست میں لیا تھا جنہیں ڈسٹرکٹ جیل رحیم یار خان سے رہا کیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد اعظم سواتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیٹیکل انجینئرنگ کو اب ختم ہونا چاہئے۔ پاکستانی اب اپنے ملک کو دیکھ رہے ہیں کہ اس کا کیا حال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کی وجہ سے ملک اور ادارے تباہ ہو چکے ہیں۔ معیشت اور معاشرہ بھی تباہ ہو چکا ہے۔ جیل بھرو تحریک میں گرفتار پی ٹی آئی کے رہنما امجد خان ڈسٹرکٹ جیل بہاولنگر سے رہا ہو گئے۔ امجد خان کاکڑ نے نارووال میں گرفتاری پیش کی تھی جس کے بعد انہیں ڈسٹرکٹ جیل بہاولنگر منتقل کر دیا گیا تھا۔ رہائی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے امجد خان کا کہنا  تھا کہ عمران کے حکم پر آنے والی نسلوں کے مستقبل کیلئے گرفتاری پیش کی۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جیل بھروتحریک میں نظر بند پی ٹی آئی ساہیوال کے15قائدین رائے مرتضیٰ اقبال، میاں انوارالحق رامے، میجر (ر) غلام سرور، چوہدری آصف علی، چوہدری محمد شکور، رائے محمداقبال، محمد مظفر شاہ کھگہ، ارشاد حسین کاٹھیا، میاں سجاد ناصر، رضوان مظفر شاہ، رانا تنویر، شبر مصطفی، محمد یار ڈمرا ، شہباز خان مردانہ اور احمد صفدر خان کو عدالتی حکم پر لودھراں جیل سے رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے بعد ان کا ساہیوال ہڑپہ، چیچہ وطنی سمیت مختلف شہروں میں پرتپاک استقبال کیاگیا۔ ساہیوال پہنچنے پر چوہدری آصف علی نے صحافیوںسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کیلئے اپنی جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریںگے۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ سمیت گرفتار  24 کارکن رہا کر دیئے گئے۔ پی ٹی آئی کے ورکرز کا پھولوں کی پتیاں نچھاور اور ہار پہنا کے پرجوش استقبال کیا گیا۔ رہائی پانے والے پی ٹی آئی رہنمائوں‘ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ‘ فواد بھلر سمیت لاہور میں رضاکارانہ طور پر گرفتاری دینے والے 24 کارکنان رہا ہوئے تو جیل کے گیٹ پر عمران خان اور پی ٹی آئی کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اپنی گفتگو کے دوران بتایا کہ رانا ثناء اللہ روز بڑھکیں لگاتا تھا۔ اب دیکھ لیں کپتان کے سپاہی جیلوں سے نہیں ڈرتے۔ عوام نے خوف کا بت توڑ دیا ہے۔ ہمارا جیل بھرو تحریک کا پرامن احتجاج مہنگائی‘ ظلم و جبر کے خلاف تھا۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک میں گرفتار ہو کر سرگودھا منتقل پی ٹی آئی کے 6 اسیروں کو تحصیل جیل شاہ پور جیل سے رہا کر دیا گیا۔ جن کا کارکنان نے ہار پہنا کر استقبال کیا اور انہوں نے عمران خان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک نے الیکشن کی تاریخ لیکر کامیابی حاصل کر لی۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جیل بھرو تحریک میں ساتھیوں سمیت گرفتاری دینے والے پی پی 54 سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ کے امیدوار میاں حسن یوسف (ایڈووکیٹ) لودھراں جیل سے رہا، اپنے گاؤں لدھیوالہ وڑائچ پہنچنے پر گل پاشی کی گئی۔ عالم چوک سے جلوس کی صورت میں حویلی جان محمد یوسف لے جایا گیا۔ میاں حسن یوسف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں، پاکستان بچانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن