سابق وزیر خزانہ بھی ٹیکس معاملات سے لاعلم ہیں، مرتضیٰ وہاب
کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ کے عہدے پر فائز رہنے والے مفتاح اسماعیل بھی ٹیکسز کے معاملات سے لاعلم ہیں۔انہوں نے سابق وزیر خزانہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مفتاح اسماعیل صاحب فرماتے ہیں کہ سندھ حکومت زرعی اور پراپرٹی ٹیکس وصول نہیں کرتی۔مرتضی وہاب نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کے بیان پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد سندھ ریونیو بورڈ سالانہ 160 ارب روپے ٹیکس وصول کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ مفتاح صاحب ڈھل، آبیانہ زرعی زمین سے وصول کیا جاتا ہے، اٹھارویں ترمیم سے قبل 2011 میں صوبے کو 10 ارب روپے کی آمدن ہوتی تھی جو اب بڑھ کر 160 ارب روپے سالانہ ہوچکی ہے۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ دراصل ایف بی آر اپنا کام ٹھیک طریقے سے نہیں کر پا رہا، اگر ٹیکسز کو مزید تقسیم کر دیا جائے تو آمدنی میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل کو ایسے بیان دینے سے پہلے حقائق کو چیک کرنا چاہیے۔