• news

سب انسپکٹرز ریڑھ کی ہڈی، پولیس فورس میں کلیدی حیثیت ہے: آئی جی پنجاب

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سب انسپکٹرز پولیس فورس میں ایک کلیدی پوزیشن ہے جو نہ صرف تھانوں اور فیلڈ ڈیوٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں بلکہ مستقبل میں انہی افسران نے سپروائزری سیٹوں پر فرائض ادا کرنے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹرز سے خطاب میں کہا کہ عہد کریں کہ جرائم اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف نبرد آزما رہنے کے ساتھ ساتھ عوام کے تحفظ اور خدمت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ پولیس سروس ایسی ڈیوٹی ہے جس میں ہم صرف فرائض کی ذمہ دارانہ ادائیگی سے دنیا کے ساتھ ساتھ اپنی آخرت بھی سنوار سکتے ہیں۔ لہٰذا اللہ رب العزت کے دئیے گئے اختیارات کو ہمیں عوام کی خدمت اور حفاظت کے مقدس فریضہ پر استعمال کرناہے۔ مجھ سمیت پوری فورس کی تنخواہ عوام کے دئیے ہوئے ٹیکسز سے آتی ہیں چنانچہ عوام کی بے لوث خدمت اور تحفظ میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ کانسٹیبلز سے بہترین پرفارمنس لیناسب انسپکٹرز کی ذمہ داری ہے اس لئے سب انسپکٹرز اپنے فیلڈ تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے کمبی نیشن سے فورس سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس فورس کی بہترین ویلفیئر کیلئے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں اور ایک ماہ کے دوران تعلیمی سکالرشپ، محکمانہ امداد، پنشن سمیت دیگر کیٹیگریز میں ریکارڈ کیسز پر فیصلے کرکے ہزاروں ملازمین کو ریلیف دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں ’’میٹ دا فورس‘‘ پراجیکٹ کے تحت سب انسپکٹرز سے ملاقات میں کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے براہ راست بھرتی ہونے والے 84 سب انسپکٹرز اور پروموٹ ہونے والے 84 رینکر سب انسپکٹرز سے ملاقاتیں کیں اور انہیں انکی ڈیوٹی کی حساسیت اور پیشہ ورانہ فرائض کی ذمہ دارانہ ادائیگی بارے گائیڈ لائنز دیں۔

ای پیپر-دی نیشن